عظمیٰ نیوز سروس
کولگام// ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان نے ضلع میں ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی) ‘کے تحت حاصل کردہ کامیابیوں کا جائزہ لینے کے لئے کل زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کے افسران کی ایک میٹنگ منعقد کی۔ترقیاتی کمشنر نے محکمہ زراعت اور ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ‘کے تحت منسلک شعبوں کی طرف سے حاصل کردہ طبعی و مالی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے دکش کسان پورٹل پر بیس لائن سروے اور اہل کسانوں کے اِندراج کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں۔ ترقیاتی کمشنر نے ایک مضبوط اور منافع بخش زرعی ماحولیاتی نظام کے قیام میں ایچ اے ڈی پی کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے مقامی کسانوں کی مدد میں اس کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کسان کمیونٹیوںکے لئے زیادہ سے زیادہ فوائد کو یقینی بنانے کے لئے پروگرام کی مؤثر عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے بیداری پروگراموں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ آؤٹ ریچ اقدامات کریں تاکہ تمام اہل کسان پروگرام کے تحت شامل کیا جاسکے۔