عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اے آر آئی اینڈ ٹریننگ ستیش شرما نے پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس میں موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے شروعات میں ٹرانسپورٹ کمشنر نے اِی ۔چالاننگ، آر ٹی ڈی سی،ڈی ٹی سی اور آئی سی سی کے قیام، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی، آر ایس وی ایف، وِی ایل ٹی پی، ڈرائیونگ لائسنس کی پرنٹنگ، ای۔رکشوں سے متعلق قوانین اور دیگر متعلقہ امور پر ایک مختصر پرزنٹیشن دی۔وزیرستیش شرما نے عام لوگوں کو بروقت ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرنے کے لئے ایک مضبوط میکانزم تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے دُور دراز اَضلاع میں ڈرائیونگ ٹریننگ سینٹروں (ڈی ٹی سی)کو قائم کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ یہ سہولیت خواہشمند درخواست دہندگان کو ان کی دہلیز پر دستیاب ہو۔اُنہوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے کہا کہ موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ اس مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔وزیر موصوف نے اِی ۔رکشاکے بارے میں زور دیا کہ صرف وہی اَفراد رجسٹرڈ ہوں جن کے پاس مستند ڈرائیونگ لائسنس ہواور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اُنہوںنے تمام اضلاع میں روڈ چیکنگ کو تیز کرنے کے لئے موقعہ پر ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے والوں کو موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات کے مطابق مقدمہ درج کریں۔وزیر موصوف نے آر ٹی اوز،اے آر ٹی اوز کو روڈچیکنگ کو معمول بنانے کی ہدایت دی جس میں سپیڈ لمٹ ڈیوائسز، اوورلوڈنگ، مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے اور روٹ کی خلاف ورزیوں پر خاص توجہ دی جائے۔ اُنہوں نے عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کے لئے نظام میں مزید بہتری لانے کی بھی ہدایت دی تاکہ مقررہ وقت میں عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔اُنہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت عوام کو اُن کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے اَفسران کو یقین دِلایا کہ حکومت ان کے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ وہ ایمانداری اور لگن کے ساتھ اَپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔