عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہندوستان اور کناڈا نے موجودہ عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو پھر سے تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے باہمی متفقہ روڈ میپ پر کام کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ دونوں ممالک کا خیال ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم مارک کارنی کی طرف سے طے شدہ ترجیحات کو آگے بڑھانے سے اقتصادی تعاون کے مواقع بڑھیں گے اور پیچیدہ بین الاقوامی ماحول میں اسٹریٹجک استحکام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری پر جلد ہی وزارتی سطح پر بات چیت شروع کرنے اور کناڈا-انڈیا سی ای او فورم کو دوبارہ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔کناڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات اور بعد ازاں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ بات چیت کے بعد جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے مشترکہ جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی، اور خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم پر مبنی تعلقات کو مضبوط بنانے کے نئے روڈ میپ پر اتفاق کیا۔ دونوں وزراء نے تسلیم کیا کہ موجودہ عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے پیش نظر مضبوط دو طرفہ تعلقات ضروری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شراکت داری کو دوبارہ تقویت دینے سے معاشی تعاون میں اضافہ کے مواقع پیدا ہوں گے ، بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر مزید قابل اعتماد سپلائی چین کو یقینی بنایا جائے گا، اور تیزی سے تغیر پذیر بین الاقوامی منظر نامے میں تزویراتی استحکام کو تقویت ملے گی۔ مودی نے محترمہ انیتا آنند کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، “آپ کا دورہ ہند-کناڈا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہماری مسلسل کوششوں میں نئی رفتار پیدا کرے گا۔” انہوں نے گزشتہ جون میں جی-7 سربراہی اجلاس کے لیے کناڈآ کے دورے کے دوران وزیر اعظم مارک کارنی کے ساتھ اپنی مثبت ملاقات کا بھی تذکرہ کیا۔ ہندوستان اور کناڈآ کے تعلقات حالیہ برسوں میں تجارتی تنازعات اور سیاسی اختلافات کی وجہ سے کشیدہ رہے ہیں، لیکن سفارتی سطح کے حالیہ مذاکرات کے ذریعہ زیادہ مثبت ماحول کو فروغ دیا گیا ہے ۔
دونوں ممالک اب مشترکہ اہداف اور باہمی فائدے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ماضی کی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دو طرفہ تعاون کی امید افزا تصویر کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا، “تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت، اور عوام سے عوام کے تعلقات میں ہمارا بڑھتا ہوا تال میل دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے ۔” انہوں نے ہندوستان کے بازار اور اختراعی ماحولیاتی نظام میں کناڈا کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی ستائش کی اور صاف توانائی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم مارک کارنی کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر مودی نے ان سے آئندہ ملاقاتوں کے لیے مثبت توقع ظاہر کی اور شراکت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی مسلسل عہد بندی کا اشارہ دیا۔ اس میٹنگ سے ہند-کناڈا تعلقات میں اہم موڑ کی نشاندہی ہوتی ہے ، جو کہ بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی منظر نامے کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے ، سفارتی تال میل کو بڑھانے اور اجتماعی طور پر عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے ۔