کشتواڑ //گوجر ایسو سی ایشن کی جانب سے ڈونڈی کاہرہ میں ایک بھاری احتجاج کیا گیا ،مُظاہرین وزیر جنگلات چودھری لعل سنگھ کے استعفیٰ کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین’’آئین ہند پرعمل کرو،جنگلات ہماراقدرتی اور پیدائشی حق ہے، قبائیلوں کو حراساں کرنا بند کرو، حق جنگلات ایکٹ کو لاگو کرو‘‘ کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ایسو سی ایشن کے صدر چودھری محمد سلیم ظہور نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات پر تابڑ توڑ حملے کئے اور کہا کہ وہ جان بوجھ کر غریب قبائیلوں پر حملے کر ا رہے ہیں ۔انہوںنے رائے پور منڈی (کانہہ چک) میں غریب گوجروں کے کلہوں کو منہدم اور خاکستر کرنافرقہ پرست طاقتوں کی سازش قرار دیا ۔ انہوںنے کہا کہ خانہ بدوش گوجروں پر ایسے کئی حملے ہوئے ہیں۔انہوں نے جانی پور لکڑ منڈی میں حال ہی میں خانہ بدوشوں کو زبر دستی ہٹانے کی بھی سخت مذمت کی ہے، جو اب کھلے آسما ن کے تلے زندگی گُذار رہے ہیں۔ان لوگوں نے کہا کہ جب آئین ہند انہیں خانہ بدوشوں کے حقوق کا تحفُظ دینے کی ضمانت دیتا ہے لیکن سرکار اس ضمانت کو لاگو کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین ہند میں وضاحت کی گئی ہے کہ اگر آپ جنگلات کو تحفُظ فراہم کرنا چاہتے ہیں تو خانہ بدوشوں کو جنگلات میںرہنے کی اجازت دی جائے۔مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سرکار سے کہا ہے کہ اگر آپ ہمیں جنگلات کا بنیادی حق نہیں دے سکتے ہو تو اُس صورت میں ہمیں کسٹوڈین کی زمین فراہم کی جائے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایک اور گوجر ایسو سی ایشن کے لیڈر افیق اعجاز نے کہا کہ ماضی میں بھی گوجروں کے خلاف ایسے حملے ہوئے ہیں۔اور اب انسانیت کی حدیں پار ہو گئی ہیں،جس کے خلاف ہم آخری لمحات تک جد و جہد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سانبہ میں بھی ائیمز قائم کرنے کے لئے400سے زائد گوجر کنبوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے،جو کہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے ائیمز کے لئے کسی دوسری جگہ زمین تلاش کرنے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر مقررین نے گو رنر اور وزیر اعلیٰ سے مداخلت کرکے متاثرین کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی۔نائب صدر چودھری محمد اسلم نے سرکار نے ان مطالبات کو فوری طور تسلیم کرنے کی مانگ کی اور انتباہ کیا کہ اگرا نکے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو وہ گورنر ہائوس جموں کے سامنے تا مرگ بھوک ہڑتال پر جائیں گے۔مظاہرین نے جموں میں طبقہ کے ُپر امن لوگوں پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی۔مظاہرین میں چودھری محمد حُسین،چودھری محمدیوسف،چودھری مشتاق احمد،چودھری جعفر حُسین ، چودھری عبدا لطیف،چودھری محمد یاسین،چودھری سید علی،چودھری خا دم حُسین وغیرہی شامل تھے۔