عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمارچودھری نے وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ ضلع بڈگام کاتفصیلی دورہ کیا۔رکن پارلیمنٹ آغا سیّد روح اللہ اوررُکن قانون ساز اسمبلی چاڈورہ علی محمد ڈار بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ڈی سی بڈگام، اکشے لابرو، چیف انجینئر اور مختلف محکموں کے دیگر سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔وزیرا علیٰ نے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دُور دراز اور نظر انداز کئے گئے علاقوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر ترقیاتی پروگرام شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا’’ ہم نے پہلے ہی ہدایت دی ہے کہ بنیادی اِنفراسٹرکچر کو اَپ گریڈ کرنے کے علاوہ لوگوں کی سماجی و اِقتصادی پروفائل کو تبدیل کرنے کے لئے اَقدامات کو تیز کیا جائے۔‘‘انہوں نے کہا،’’ہم معیاری کاموں کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے نگرانی کے ساتھ تیز رفتار اور دیرپا ترقی کے لئے پُرعزم ہیں۔ یہ مقامی ضروریات اور علاقے کی مخصوص ترقی کے مطابق کیا گیا ہے۔‘‘نائب وزیرا علیٰ نے عوامی مطالبات کا جواب دیتے ہوئے بڈگام تک چار گلیاروں والی سڑکوں کی فراہمی کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے ڈی سی آفس سے ہمہامہ تک سڑک کا سروے کرنے اورڈِی سی آفس سے نیو بس اَڈہ تک سڑک کو 4 لین چوڑا کرنے کے لئے ڈی پی آر تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ کے مشیر نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے اُٹھائے گئے مختلف ترقیاتی اَقدامات پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک جامع ترقیاتی ایجنڈا جاری ہے جو جموں و کشمیر کی تبدیلی کو یقینی بنائے گا۔رُکن پارلیمنٹ آغاسیّد روح اللہ نے بھی مختلف اَقدامات کا ذکر کیا اور موجودہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی یقین دہانی کی۔نائب وزیراعلیٰ نے ضلع کا تفصیلی دورہ کیا اور متعدد ترقیاتی کاموں کا معائینہ بھی کیا۔انہوں نے متعدد وفود سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے گا۔