محمد تسکین
بانہال // ضلع رامبن کے دور دراز کے خوبصورت علاقوں میں سیاحت کو بڑھاوا دینے کی خاطر محکمہ سیاحت کی طرف سے سیاحتی میلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے اور عام لوگ دریافت کئے جانے والے نئے سیاحتی مقامات کی طرف راغب بھی ہو رہے ہیں۔ ضلع رام بن کی تحصیل اْکڑال پوگل پرستان کے پوگل میں سبزہ زار چراگاہوں پر مشتمل سرگلی پوگل کے خوبصورت مقام پر دو روزہ سیاحتی میلے کا انعقاد ہفتے سے شروع کیا گیا ہے اور ایس ڈی ایم رامسو گھنشام بسوترا نے سرگلی میں اس میلے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ٹورسٹ آفیسر ظہر الدین ، تحصیلدار اْکڑال پوگل پرستان ناصر جاوید ، بی ڈی او اکڑال رامپال ، پوگل ویلفیئر والنٹیئر ایسو سی ایشن کے چیئرمین مشتاق احمد ، رضاکار شیراز احمد ، ارشد جہانگیر ، پنچایتی نمائندے اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ضلع رام بن کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع رام بن کے مہو منگت ، ناون ، دْبدلو، اچھن ، موری ، سرکنٹھا ٹاپ ، آرم نکھ ، دمن تراگ ، زبن ، پیر پنجال ٹاپ ، نیل ٹاپ ، واسا مرگ ، پوگل پرستان ، سرگلی ، ہنسراج ٹاپ ، سروا دھار ،گول سنگلدان اور بغلیہار ڈیم جیسے خوبصورت سیاحتی مقامات ابھی تک گمنام ہیں اور محکمہ سیاحت کی طرف سے ابھی بہت کوئی خاص کام نہیں کیا گیا۔پوگل کے سرگلی میں جاری دو روزہ میلے کے نگران ٹورسٹ آفیسر ظہر الدین نے کہا کہ ہفتے کی صبح ضلع انتظامیہ اور پوگل ویلفیئر والنٹیئرس کے اشتراک سے دو روزہ میلے کے پہلے دن ایس ڈی ایم رامسو گھنشام بسوترا کی طرف سے ہائر سیکنڈری پوگل سے ٹریکروں کے ایک گروپ کو روہن ٹاپ سے ہوتے ہوئے سرگلی کے سبزہ زاروں کی طرف روانہ کیا گیا اور یہ گروپ آج رات سرگلی میں کیمپنگ کریگا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار میلے کے دوسرے دن پوگلی ، کشمیری ، کھاہ ، گوجری اور ڈوگری زبانوں میں فنکاروں اور سکولی بچوں کی طرف سے مختلف تہذیبی اور تمدنی پروگراموں کے علاوہ مہم جوئی ، گھڑ دوڑ ، کبڈی اور والی بال کے مقابلے بھی منعقد کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا محکمہ سیاحت کی طرف سے پوگل کے علاقوں میں سیاحوں اور ٹریکروں کیلئے ہوم سٹے پر ایک جانکاری پروگرام پیش کیا گیا اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہوم سٹے کیلئے محکمہ سیاحت کے ساتھ ایک سے چار کمروں کی رجسٹریشن کرسکتے ہیں اور کئی لوگوں نے آج سے ہی اپنے مکانات ہوم سٹے کیلئے پیش رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرگلی ٹاپ کو ٹریکنگ کیلئے ایک بیس کیمپ کی حیثیت سے مل سکتی ہے اور paying guest سکیم سے یہاں سیاحت اور ٹریکنگ کو بڑھاوا مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری کی طرف سے سیاحت کو بڑھاوا دینے اور روزگار کے زرائع پیدا کرنے کیلئے محکمہ سیاحت نے صوبہ جموں میں 37 سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی ہے اور ان میں سے ضلع رام بن کے پانچ مقامات میں سے سرگلی کا علاقہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت کی ہرممکن کوشش ہے کہ وہ ان علاقوں میں بنیادی سہولیات اور تعمیراتی ڈھانچے تیار کئے جائیں تاکہ سیاحت کے ساتھ ساتھ مقامی روزگار بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج یعنی اتوار کے پروگراموں میں ضلع حکام اور لوگوں کی بھاری تعداد کی آمد متوقع ہے۔