سید اعجاز
پلوامہ// ضلع پلوامہ کے سانبورہ پانپور میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے دوران شب اپنے کھیت کو سیراب کرنے کے دوران ایک پولیس سب انسپکٹر کو گولی مار کر ہلاک کرکے اسکی لاش کنال میں پھینک دی۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لیتہ پورہ میں آئی آر پی ایف 23بٹالین میں کام کررہے سب انسپکٹر فاروق احمد میر ولد عبدالغنی میر ساکن گنائی پورہ سانبورہ پانپور جمعہ کو معمول کے مطابق ڈیوٹی سے گھر واپس آیا اور رات کا کھانا کھانے کے بعد اپنے کھیتوں کو سیراب کرنے کیلئے گھر سے نکلا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ قریب ساڑھے 9بجے کے بعد وہ اپنے کھیت بھتہ ھاجن کی طرف جارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی کی وجہ سے زمینوں کو سیراب کرنے کیلئے پانی نہیں ہے لہٰذا لوگ دوران شب پہی کھیتوں کو سیراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور سب انسپکٹر بھی یہی کرنے گیا تھا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ کچھ دیر کے بعد انہوں نے فائر نگ کی آوا زسنی اور صرف دو فائر کئے گئے پھر خاموشی چھا گئی۔جب دیر رات تک فاروق احمد گھر نہیں لوٹا تو انہیں نے اسکے فون پر بار بار کال کی لیکن جواب نہیں ملا۔ بالآخر اسکے اہل خانہ اور کچھ ہمسایہ اسے ڈھونڈنے کیلئے نکلے اور رات کے دو بجے انہوں نے اری گیشن کنال میں فاروق احمد کی لاش بر آمد کی۔فاروق احمد کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ گائوں کا سب سے شریف النفس شخص تھا اور ہر قت دوسروں کے کام کرنے میں خوشی محسوس کررہا تھا۔جونہی اسکی لاش گھر لائی گئی تو سانبورہ میں کہرام مچ گیا اور پورا گائوں سکتے میں آگیا۔
پولیس بیان
پولیس نے بتایا کہ ’آئی آر پی کی 23 بٹالین سے وابستہ ایس آئی (ایم) فاروق احمد میر ساکن سامبورہ کی لاش اس کے گھر کے نزدیک دھان کی کھیت سے بر آمد کی گئی۔پولیس نے بتایا ’ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ گذشتہ شام گھر سے کھیت میں کچھ کام کرنے کی غرض سے نکلا تھا جہاں ان کو جنگجوؤں نے پستول سے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا‘۔بتایا جاتا ہے مزکورہ پولیس افسر کی چھاتی میں صرف ایک پستول کی گولی لگی تھی ۔مہلوک پولیس اہلکار کے حق میں لیتہ پورہ کمانڈو ٹرینگ سنٹر میں سنیچرکی صبح ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں پولیس کے سینئر افسروں بشمول اے ڈی جی پی آرمڈپولیس سیدجاویدمجتبیٰ گیلانی، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اورایس ایس پی پلوامہ نے مقتول پولیس افسرکے تابوت کوکاندھادیاجبکہ اسے پہلے یہاں ایک تقریب منعقد ہوئی ،جس دوران سینئرپولیس افسروںنے فاروق احمد میرکے تابوت پرگلباری کی اورمرحوم کوخراج عقیدت پیش کیاگیا۔بعدازاں سب انسپکٹر فاروق احمد میرکی میت کوآبائی گھرواقع سامبورہ پانپور پہنچایاگیا،جہاں کہرام مچ گیا۔سینکڑوں لوگوںنے برستی بارش کے باوجود مقتول پولیس افسر کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
کولگام میں چھٹے روز محاصرہ ختم
خالد جاوید
کولگام // سیکورٹی فورسز نے کجر اور مشی پورہ کولگام میںپانچ روز کے بعد تلاشی آپریشن ختم کر دیا ۔ تین دن تک لگاتار تلاشیاں کے بعد میوہ باغات میں موجود ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے جن میں ایک ملی ٹینٹ رجنی بالا سکول ٹیچر کی ہلاکت میں ملوث بتایا گیا۔پولیس نے کہا کہ یہاں 3ملی ٹینٹ موجود تھے اور دو کی ہلاکت کے بعد چوتھے اور پانچویں روز بھی تلاشزی کارروائی جاری رکھی گئی۔ لیکن سنیچر کو چھٹے روز لگاتار بارشیں ہونے کی وجہ سے محاصرہ ختم کیا گیا۔ 14 جون کو علاقے میں آپریشن شروع کیا گیا۔ 16 جون کو دو جنگجو مارے گئے۔
بارہ مولہ ہندوارہ شاہراہ پر بارودی مواد برآمد
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی کشمیر میں ہندوارہ بارہ مولہ شاہراہ پر لنگیٹ کے نزدیک بارودی مواد بر آمد کر کے اس سے ناکارہ بنا یا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ 30آر آر کی گشتی پارٹی جب پنڈت پورہ لنگیٹ کے قریب پہنچ گئی تو شاہراہ پر بارودی مواد دیکھا گیا جس کے بعد بم ناکارہ کرنے والی ٹیم کو طلب کیا گیا اور گاڑیو ں کی نقل وحمل بند کی گئی ۔بعد میں بارودی مواد کو برآمد کر کے اس سے ناکارہ بنایا گیا۔