جموں//پرنسپل سیکرٹری بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پالن نوین کمار چودھری نے سول سیکرٹریٹ میں اینمل ہسبنڈری محکمہ کے سینئر اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر میں مصنوعی تخم ریزی پروگرام مرحلہ سوم پر عمل آوری پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔دوران میٹنگ جموںوکشمیر یوٹی میں این اے آئی پی ۔مرحلہ سوم کی عمل آور ی کے ایکشن پلان ، این اے آئی پی کے تحت 692.28 لاکھ روپے کی پہلی قسط کے اجرأ کے پیش نظر ایکشن پلان کی ترجیحات پر بات چیت کی گئی ۔مرحلہ سوم اور ڈیری پشوئوں کی تعداد کے لئے ضلع وار ہدف این اے آئی پی ۔ مرحلہ سوم کے تحت احاطہ کیا جائے گا۔دورانِ میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد اگلے پانچ برسوں میں 70 فیصد مصنوعی تخم ریزی کوریج کرنا ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے مزید کہا کہ 50فیصد سے کم اے آئی کور یج والے اَضلاع میں اے آئی ڈیلیوری سسٹم فراہم کرنا ، جینیاتی طور پر اعلیٰ نر او رمادہ گائے کے بچھڑوں کی پیدائش ، دودھ کی پیداوار میں اِضافہ اور اے آئی ٹیکنالوجی کی موافقت اور کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ کرنا ہے۔نوین چودھری نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جموںوکشمیر یوٹی کے این اے آئی پی ۔IIIکی عمل آوری کے لئے 2106.50 لاکھ روپے کے ایکشن پلان کی منظوری دی ہے جس میں سے دونوں این اے آئی پی ۔III کی عمل آوری کے لئے پہلی تنصیب کے طورپر جموںوکشمیر یوٹی کیلئے 692.28 لاکھ منظو ر کئے گئے ہیں ۔نوین چودھری نے یہ بھی کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے لئے زیادہ سے زیادہ ڈیری انٹرپرینیور یونٹوں کو قائم کرنے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ اسے دودھ کی پیداوار کے شعبے میں خود انحصار بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم یہاں کے نوجوانوں کے لئے اس شعبے میں روزگار پیدا کرے گا۔پرنسپل سیکریٹری نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت دی کہ اس سکیم کے بارے میں بیداری کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ نئے ذرائع ابلاغ ، الیکٹرانک میڈیا ، ہورڈنگز وغیرہ کے ذریعے بالخصوص دیہی علاقوں میں نمایاں مقامات پر عام لوگوں اور مستحقین کو اس حوالے سے بیداری حاصل ہو۔