بڈگام// محکمہ سیاحت نے ضلع انتظامیہ بڈگام کے اشتراک سے مشہور سیاحتی مقام دودھ پتھری میں میگا ٹورازم فیسٹیول کا انعقاد کیا۔اس پروگرام کا مقصد دودھ پتھری کو ایک پرکشش سیاحتی مقام کی حیثیت سے فروغ دینا تھا۔اس پروگرام کا اہتمام سالانہ سیاحت کے سیزن کے آغاز سے پہلے ہی کیا گیا تاکہ مقامی اور بیرونی سیاحوںکو کافی مواقع اور ماحول مہیا ہو۔ پروگرام کے دوران بہت ساری سرگرمیاں انجام دی گئیں جن میںکلچرل اکیڈمی کے ممتاز فنکاروں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے۔اس موقع پر ضلع انتظامیہ کے مختلف محکموں نے اپنی صلاحیتوں اور نمائش کی تیاری اور معاشرے کے مراعات یافتہ طبقے کے معاشی استحکام کیلئے آنے والے وقت میں ان کی سرگرمیوں کو پیش کرنے کے لئے اپنے اسٹال لگائے تھے۔یہ میلہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا جو برف پوش چراگاہوں کے مناظر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس مقام پر منعقد کیا گیا تھا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزانے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ سیاحت ہمیشہ ضلع انتظامیہ کو ہر محاذ پر پائے گا جب سیاحوں کی سطح کو بڑھاوا دینے سے متعلق کسی اقدام کا تعلق ہو۔ڈائریکٹر سیاحت ڈاکٹر جی این ایتو نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں تمام شرکاء ، اسٹیک ہولڈرز ، محکموں اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پیمانے پر اس ایونٹ کی کامیابی نے دیگر صحت افزاء مقامات پر اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد کی ترغیب دی ہے۔