کاروباری مواقع کے بے پناہ امکانات موجود
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے ایگریکلچر پروڈکشن ڈپارٹمنٹ ( اے پی ڈی ) کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں و کشمیر میں دودھ اور مٹن کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شعبوں میں ترقی ، ویلیو ایڈیشن اور کاروباری مواقع کے بے پناہ امکانات موجود ہیں ، بشرطیکہ صحیح پالیسی مداخلتوں اور مسلسل محکمانہ حمایت حاصل ہو ۔ چیف سیکرٹری نے ان شعبوں میں کامیابی کی قابلِ تقلید کہانیاں بنانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ عوامی شرکت اور کاروباری جذبے کو فروغ دیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطہ جو بنیادی طور پر صارف ریاست ہے ، دودھ ، مٹن اور ان کی پروسیس شدہ مصنوعات کیلئے ایک بڑی مارکیٹ پیش کرتا ہے ۔ مقامی طلب کو پورا کرنے میں بھی کمرشل توسیع اور اس کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد کے مواقع کی تلاش میں وسیع امکانات موجود ہیں ۔ انہوں نے زور دیا کہ یو ٹی کو بنیادی پیکجنگ اور برانڈنگ سے آگے بڑھنا چاہئے ۔ انہوں نے مقامی کاروباری افراد سے کہا کہ وہ خطے کے ڈیری اور مویشیوں کے شعبوں کی صلاحیت کو بروئے کار لا کر منافع بخش روز گار کے مواقع تلاش کریں ۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے شلیندر کمار نے جموں و کشمیر میں دودھ اور مٹن کی موجودہ صورتحال اور کھپت کے رحجانات کا جامع جائیزہ پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیری مصنوعات یو ٹی بھر میں روزانہ کی خوراک کا حصہ ہیں ، جبکہ مٹن کی کھپت ملک میں سب سے زیادہ ہے جس سے مستقل مارکیٹ مانگ پیدا ہوتی ہے ۔