جموں/عظمیٰ نیوز سروس/ ہندوستانی ریلوے نے جمعرات کو نئے تعمیر شدہ چناب ریل پل پر ایک کامیاب آزمائش کا انعقاد کیا، جو دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل ہے۔یہ پل رام بن ضلع کے سنگلدان اور ریاسی کے درمیان بنایا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس 48کلو میٹر ریلوے لائن پر ریل خدمات جلد شروع ہو جائیں گی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز انجن ٹرائل کیا گیا اور اب اس ٹریک پر ٹرین کی آزمائشی رن کو عمل میں لایا گیا۔حکام نے کہا کہ 27اور 28جون کو ڈائریکٹر ریلوے سیفٹی اس ٹریک کا دو روز تک ہونے والی ٹرائیل اور دیگر حفاظتی انتظامات کا معائنہ کریں گے اور اسکے بعد غالباً یکم جولائی سے ریاسی کو ریل لنک کیساتھ جوڑ دیا جائیگا۔ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے X پر ایک پوسٹ میں کہا، ” پروجیکٹ کے سنگلدان – ریاسی سیکشن کے درمیان ٹرین کا کامیاب ٹرائل رن” کیا گیا۔فی الحال، ٹرینیں کنیا کماری سے کٹرہ تک چلتی ہیں، جبکہ وادی کشمیر میں بارہمولہ سے سنگلدان تک ٹرین چلتی ہے۔ادھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک(یو ایس بی آر ایل) منصوبہ سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔چناب ریل پل، جموں اور کشمیر کے علاقے میں دریائے چناب کے اوپر 359 میٹر(تقریباً 109 فٹ)تعمیر کیا گیا، فرانس کے ایفل ٹاور سے تقریباً 35 میٹر اونچا ہے۔1,315 میٹر لمبا پل ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد وادی کشمیر کو انڈین ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے قابل رسائی بنانا ہے۔یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ، جس میں 48.1 کلومیٹر طویل بانہال-سنگلدان سیکشن شامل ہے، کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 20 فروری 2024 کو کیا تھا۔پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ، جس میں 118 کلومیٹر طویل قاضی گنڈ-بارہمولہ سیکشن کا احاطہ کیا گیا، اکتوبر 2009 میں افتتاح کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کے مراحل میں جون 2013 میں 18 کلومیٹر طویل بانہال-قاضی گنڈ سیکشن اور جولائی2014 میں 25 کلومیٹر طویل ادھم پور-کٹرہ سیکشن کا افتتاح ہوا۔