یو این آئی
نیو یارک //امریکی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو تقریباً 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے،ایلون مسک ٹوئٹر کی خریداری کے لیے 54.20 ڈالر فی شیئر نقد رقم ادا کریں گے۔رپورٹس کے مطابق معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد شیئر ہولڈر بن گئے ہیں، یہ دنیا بھر میں اب تک کی کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا ہے۔ ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان پیر کے روز 44 ارب ڈالرز میں معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا کنٹرول دنیا کے امیر ترین شخص تک منتقل ہوجائے گا۔ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے فی شیئر کی قیمت 54.20 ڈالر ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔بعد ازاں دباو? کا شکار ٹوئٹر نے کمپنی کو مجوزہ 54.20 ڈالرز فی حصص کی قیمت پرفروخت کرنے کے لیے ایلون مسک کے ساتھ بات چیت شروع کی اور پیر کے روز یہ ڈیل فائنل ہوگئی۔رپورٹس کے مطابق اس خبر کے بعد ٹوئٹر کے شیئرز میں تقریباً 6 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔