یواین آئی
نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ یوگا فوجیوں کی جارحانہ صلاحیت کو صحیح سمت دیتا ہے جس سے وہ غیر ضروری جارحیت سے بچتے ہیں، لیکن جب بھی ضرورت ہوتی ہے تو وہ ملک کی حفاظت کے لیے جارحانہ موقف اختیار کرلیتے ہیں۔وزیر دفاع یوگا کے 10ویں عالمی دن کو منانے میں مسلح افواج کی قیادت، اتر پردیش کے متھرا میں 1 کور میں فوجیوں کے ساتھ مختلف آسن اور سانس لینے کی مشقیں کر کے کی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج پانڈے اور جنرل آفیسر کمانڈنگ 1 کور کے لیفٹیننٹ جنرل سنجے مترا کے ساتھ 600 افراد کے ساتھ سینئر افسران، اگنی ویر، ان کے اہل خانہ اور بچوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے اس دن کو قوم کے لیے فخر کی بات قرار دیا کہ دنیا ہندوستان کے اس عظیم ثقافتی ورثے کو جوش و خروش سے تسلیم کر رہی ہے اور اسے اپنا رہی ہے۔ انہوں نے یوگا کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کو دیا۔اس سال کے یوگا ڈے تھیم یعنی ’یوگا فار سیلف اینڈ سوسائٹی‘ پر راج ناتھ سنگھ نے کہا ’یوگا‘ اور ’دھیان‘ قدیم ہندوستانی مشقیں ہیں جو انسان کو اپنے، خاندان اور معاشرے سے جوڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ یوگا اور دھیان ہماری ثقافت کا حصہ ہیں، جو ہمیشہ سے ’سروے بھونتو سکھینہ، سروے سنتو نرامایا‘ رہا ہے، یعنی ہم سب کی خوشی اور اچھی صحت کے لیے دعا کرتے ہیں۔ ہم دنیا کی بھلائی کے لیے دعا کرتے ہیں۔ یہ ہماری تہذیب کا خاصہ ہے۔ ہم تہذیبوں کے تصادم کے بجائے تعاون پر یقین رکھتے ہیں‘‘۔اس صدیوں پرانی مشق کے فوائد کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ یوگا جسمانی تندرستی، ذہنی سکون اور روحانی تندرستی کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے جارحانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد ملتی ہے جو ملک کی سلامتی کے لیے فوجیوں کے لیے اہم ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا’’ہر ہندوستانی فوجی ایک طرح سے یوگی ہے۔ دنیا کئی بار ہمارے فوجیوں کی جسمانی اور ذہنی فٹنس کی گواہ رہی ہے۔ نہ صرف سرحدوں پر بلکہ قومی آفات کے دوران قوم کی خدمت ان کی مضبوط جسمانی اور ذہنی صحت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جس طرح وہ منفی حالات میں غیر ضروری جارحیت سے بچتے ہیں اور ملک کی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کے لیے جب بھی ضرورت پڑتی ہے،جارحانہ انداز میں کھڑے ہوتے ہیں، اس سے ان کی یوگی کی شناخت کو تقویت ملتی ہے‘‘۔ انہوں نے فوجیوں کو روزانہ یوگا کی مشق جاری رکھنے کی تلقین کی کیونکہ یہ جسم اور دماغ کو متحد کرتا ہے اور روحانی شعور کے حصول کے لیے ایک مؤثر وسیلے کے طور پر کام کرتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ مختلف وسائل کی دستیابی کے باوجود، جو سکون فراہم کرتے ہیں، لوگ ناخوش ہیں، تناؤ کے ساتھ ساتھ نفسیاتی اور جسمانی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا،’’آج، لوگ تنہائی کا شکار ہیں کیونکہ وہ اپنے خاندانوں سے بچھڑ جاتے ہیں۔
شاہ کی یوگا ڈے پر اہل وطن کومبارکباد
یواین آئی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 10ویں بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی۔ شاہ نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’’بین الاقوامی یوگا دن مبارک ہو! یوگا جسم، دماغ اور عقل کو صحت مند رکھنے کے لیے ایک ہندوستانی طرز زندگی ہے اس کی باقاعدہ مشق نہ صرف انسان کو توانا بناتی ہے بلکہ اس میں مثبت شعور بھی پیدا کرتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’بین الاقوامی یوگا ڈے‘ کی شکل میں اس قدیم ہندوستانی ورثے کو عالمی بنانے کا تاریخی کام کیا ہے۔ اس یوگا ڈے پر، آئیے ہم یوگا کو روزمرہ کی زندگی کا لازمی حصہ بنانے کا عزم کریں۔‘‘
اردو یونیورسٹی میں بین الاقوامی یومِ یوگا کا انعقاد
عظمیٰ نیوزڈیسک
حیدرآباد//بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انڈور اسٹیڈیم میں تقریب کا اہتمام ہوا۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے یوگا کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ یوگا سے سماج میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔ پروفیسر محمد فریاد، ڈین اسکول برائے ترسیل عامہ و صحافت، پروفیسر تبریز احمد، ڈین لاء اسکول، ڈاکٹر محمد یوسف خان، ڈاکٹر عرشیہ اعظم ، ڈاکٹر اے کلیم اللہ،ڈاکٹر محمد اختر، ڈاکٹر اشونی، اقبال خان، محمد عبدالحفیظ، ڈاکٹر حمیرہ فاطمہ، لفٹننٹ محمد عبدالمجیب، ڈاکٹر محمد حبیب اللہ، محترمہ ہاجرہ فاطمہ و دیگر نے اس موقع پر شرکت کی۔