سرینگر// مرکزی حکومت نے کشمیر پر قومی کنکلیو کے انعقاد سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کانفرنس کے حوالے سے کسی بھی لیڈر نے وزارت داخلہ سے رابطہ نہیں کیاہے۔ وادی میں قیام امن کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت بھاجپا لیڈر اور سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا اورشرد یادو کی طرف سے قومی سطح کی کشمیر کانفرنس سے وزاردت داخلہ بے خبر ہے۔ وزار ت خارجہ کے ایک افسر نے بتایا ” ہمیں کشمیر سے متعلق کسی بھی کنکلیو کی کوئی بھی خبر نہیں ہے اور ہم نے صرف میڈیا میں اس خبرکو پڑاجبکہ اس سلسلے میں کسی نے وزارت داخلہ سے رابطہ قائم نہیں کیا“۔ رپورٹوں کے مطابق سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا اور شرد یادو اتوار کو ملے اور انہوں نے کشمیر پر کام کر رہے مختلف گروپوں کو اس ماہ کشمیر سے متعلق منعقد ہونے والی کنکلیو کو منعقد کرنے کا منصوبہ ترتیب دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ کا مقصد کشمیر میں قیام امن اور مسئلہ کے حل کیلئے ایک”مشترکہ آواز“ سامنے لانے کی کوشش کرنا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق تمام سیاسی جماعتوںکے لیڈران بشمول حکمران جماعت بھاجپا لیڈروں کو بھی اس کانفرنس کیلئے مدعو کیا گیا ہے جبکہ اس کنکلیومیں ممکنہ طور پر سیاسی ماہرین،کارکن اور دانشوروں کے علاوہ قلمکار بھی شرکت کرینگے۔