عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// دہلی-این سی آر کے لوگ ایک طرف جہاں گرم اور مرطوب موسم سے پریشان ہیں وہیں، پہاڑی ریاستوں اتراکھنڈ اور ہماچل میں شدید بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راجدھانی میں پورے ہفتے ہی ہلکی بارش کا ہونے کا امکان ہے۔ دہلی میں اس پورے ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 33-35 کے درمیان رہ سکتا ہے۔ پہاڑی ریاستوں اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں بارش جاری ہے، وہیں، آسام، بہار اور یوپی کے نشیبی علاقے اس وقت سیلاب کی لپیٹ میں ہیں، جہاں راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔آئی ایم ڈی کی پیش گوئی کے مطابق دہلی-این سی آر سمیت بہار اور شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ فی الحال اتر پردیش کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں ہے اور لوگوں کو گرم مرطوب موسم کا سامنا رہے گا۔ کونکن اور گوا، وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، کیرالہ اور ماہے، لکشدیپ، کرناٹک، گجرات ریاست، مدھیہ پردیش، ودربھ، چھتیس گڑھ، ساحلی آندھرا پردیش اور یانم، تلنگانہ میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی کی رپورٹ کے مطابق مانسون کا رخ جنوب مغرب کی جانب ہے، جس کی وجہ سے گجرات، مہاراشٹر، کرناٹک، گوا اور کیرالہ میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش میں بارشوں کے پیش نظر ‘یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ شملہ میں مقیم محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش میں 21 جولائی تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے ریاست کے کچھ حصوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔