گاندربل+مہور//دلنہ بارہمولہ میں ایک دل دہلانے والے واقعہ میں اکہال کنگن کا 23 سالہ نوجوان جاں بحق ہواجبکہ ریاسی میں 3افراد لقمہ اجل بن گئے۔کشمیر یونیورسٹی کے نارتھ کیمپ دلنہ بارہمولہ میں کھلہ مولہ اکہال کنگن کا اشفاق احمد بٹ ولد بشیر احمد جو ایم سی اے کی ڈگری حاصل کرنے کیلئے زیر تعلیم تھا، سنیچر کو سڑک کے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا۔اسے تشویشناک حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا جہاں اتوار کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔اشفاق احمد بٹ کی لاش جب اکہال کنگن لائی گئی ہر طرف آہ و بکا کا ماحول بن گیا پورے علاقہ میں غم و الم کی لہر دوڑ گئی ۔ ادھر بدھل چسانہ روڈ پر ایک مسافر بردار ٹیمپوٹریولر زیر نمبر JK02BR 5644 جو بدھل سے چسانہ کی جانب آ رہا تھا گلاپ پورہ کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر آنس نالہ میں جا گرا جس کے نتیجہ میں دو افراد موقعہ پر ہی لقمۂ اجل بن گئے جب کہ ٹیمپو میں سوار تیسر اشخص شدید زخمی ہو گیا۔ مہلوکین کی شناخت 30سالہ محمد اعظم ولد قمر دین ساکن پھلانی بدھل اور محمد اسلم ولد عبدالرشید کے طور پر کی گئی ہے ۔زخمی محمد عارف ولد محمد رفیق ساکن پھلانی کو بدھل ہسپتال لایا گیا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اسے راجوری کے ضلع ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔دریں اثنا کٹھوعہ سے ہمارے نمائندہ حافظ قریشی کے مطابق کٹھوعہ پٹھانکوٹ شاہراہ پرلکھن پور بائی پاس کے قریب رونما ہونے والے ایک سڑک حادثہ میں ایک ہلاک جب کہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اتوار بعد دوپہر اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرالی سڑک سے پھسل کر نیچے جا گری۔ اس میں سوار پنجوال کا رہنے والا 14سالہ محمد رفیع ولد مسعود جاں بحق ہوا جب کہ ولی محمد ولد لال حسین اور سیف ولد مکھن دین نامی افراد شدید زخی ہو گئے ۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔