بارہمولہ+گاندربل//بی ہامہ گاندربل میں محکمہ بجلی کے ورک شاپ کے باہر سڑک پر موجود پانی کی وجہ سے پھسلن ہونے سے آلٹو گاڑی حادثہ کا شکار ہونے سے سیلکشن گریڈ کانسٹیبل لقمہ اجل بن گیا ۔اس دوران سرینگر ۔بارہمولہ شاہراہ پر سڑک کے ایک دلدوزحادثے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جان بحق ہوئے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ 5 نومبر کی صبح آلٹو گاڑی زیر نمبر JKO5B_4074 وانگت کنگن سے گاندربل کی جانب جارہئی تھی کہ بی ہامہ کے نزدیک محکمہ بجلی کے ورک شاپ کے قریب پھسلن کے باعث گاڑی کنارے پر موجود بجلی کے کھمبے کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور محمد اسلم خان ولد عبدالرحیم ساکنہ وانی یارم وانگت کنگن سلیکشن گریڈ کانسٹیبل بلٹ نمبر 246/آئی آر 14 بٹالین جو کہ نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر کا ذاتی محافظ کے حیثیت سے تعینات تھا ،شدید زخمی ہوگیا۔زخمی اہلکار کوگھر والوں کی مدد سے جو کہ حادثہ کے وقت گاڑی میں سوار تھے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا جہاں دوران شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 254/2017 درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔لاش جب گھر لائی گئی تو وہاں پر کہرام مچ گیا۔نماز جنازہ میں نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری کے علاوہ کئی لیڈروں نے شرکت کی ۔ادھر بدھ کی سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر دلنہ بارہمولہ کے نزدیک ایک خونین ٹریفک حادثے میںدعوت سے واپس گھر لوٹ رہی ایک خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2افراد زخمی ہو ئے جنہیں پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے اسپتال پہنچا یا۔ بدھ کی شام کو سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر دلنہ کی ملت کالونی کے نزدیک سرینگر سے شیری جارہی ایک ماروتی کار JK01N 2095 اور مخالف سمت سے آرہی چیویرولٹ گاڈی زیر نمبر CH03y 6180 کے درمیان ٹکر ہوئی جسکے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 افراد جان بحق ہوئے جن کی شناخت بشیر احمد ڈار ولد حبیب اللہ ڈار ساکنہ شیری بارہمولہ اور 75سالہ ساجہ بیگم زوجہ عبداللہ ساکنہ شیری مو قعے پر ہی لقمہ اجل بن گئی جبکہ حاد ثے کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہو ئے جن کو پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے اسپتال پہنچایاجن میں سے 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ ماروتی میں سوار افراد سرینگر میں ایک دعوت میں شرکت کرنے کے بعد واپس شیری جارہے تھے۔