عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ//وزیراعظم دفتر میںمرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یوم آزادی کی تقریبات سے قبل ہر گھر ترنگا مہم کے ایک حصے کے طور پر حب الوطنی اور قومی جذبے کو ابھارنے کے لیے ایک عظیم ترنگا بائیک ریلی کی قیادت کی۔اس ریلی کا اہتمام بھارتیہ جنتا یووا مارچ نے کیا تھا جس کی قیادت اس کے صدر ارون پربھات سنگھ کر رہے تھے۔ لوگوں کی بڑی تعداد بالخصوص نوجوانوں نے اس مہم میں حصہ لیا۔ریلی کے اختتام کے بعد ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے مجسمے پر پھول چڑھائے اور اس خطے کو مکھرجی کی “بلیدان بھومی” قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ مکھرجی کے وژن نے ‘ایک ودھان ایک نشان ایک پردھان تحریک کو متاثر کیا۔ . وزیر نے جاری سووچھتا مہم کے ایک حصے کے طور پر مجسمہ کے ارد گرد صفائی مہم میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے ڈاکٹر مکھرجی کے متحدہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح جموں و کشمیر کو باقی ہندوستان کے ساتھ ضم کیااور ‘ایک قوم، ایک آئین کے وژن کو عملی جامہ پہنایا۔انکاکہناتھا’’وزیر اعظم مودی کی طرف سے آرٹیکل 370 کی منسوخی ڈاکٹر مکھرجی کی عظیم قربانی اور ان کی لازوال میراث کو ایک مناسب خراج تحسین ہے۔یہ مجسمہ نوجوانوں کے لیے تحریک کا ایک ذریعہ ہے، جو ان کے بیٹوں کی قوم کے لیے دی گئی قربانیوں کی نشاندہی کرتا ہے‘‘۔کٹھوعہ کو ایک مقدس سرزمین بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی کا مجسمہ یہاں نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا کیونکہ اسی جگہ انہیں گرفتار کیا گیا تھا، جہاں سے سری نگر لے جایا گیا تھا، لیکن پراسرار حالات میں ان کی موت ہوگئی۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا’’آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے، مودی نے ڈاکٹر مکھرجی کی قربانی کو تسلیم کیا، اور یہ بلند مجسمہ متحد ہندوستان کے لیے ان کی جدوجہد کو ثابت کرتا ہے‘‘۔بعد ازاں، مرکزی وزیر نے تقریباً دو گھنٹے کے عوامی دربار کا انعقاد کیا تاکہ عوامی مسائل کے فوری ازالے اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ موقع پر ہی ان کے مطالبات کی تکمیل کی کوشش کی جا سکے۔ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ان کی مسلسل کوشش ہے کہ وہ نچلی سطح تک پہنچیں اور خود عام لوگوں کی بات سنیں اور ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کو یقینی بنائیں۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے تحفظات کا اظہار کرنے کے لیے آگے آئی اور اپنے مطالبات کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔وزیر نے کہا کہ انہوں نے ضلعی افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عوامی مطالبات کو بغیر کسی ناکامی کے حل کریں اور انہیں جلد کارروائی کی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ “عوامی مسائل کو حل کرنے اور گورننس میں شفافیت لانے کے لیے سب کچھ کیا جا رہا ہے”۔