سرینگر/وادی کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی اپیل پر آئین کی اُس دفعہ35اے کی حمایت میں بدھ کودو روزہ ہڑتال کا آغاز ہوگیا جس کیخلاف عدالت عظمیٰ کے سامنے کئی درخواستیں پڑی ہیں اورجن کی شنوائی آج اور کل متوقع ہے۔
سرینگر اور دیگر ضلع صدر مقامات پر دکان اور کاروباری ادارے بند پڑے ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب ہے۔
آج اور کل دو روزہ ہڑتال کی اپیل سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کی ہے۔
قائدین نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ''جموں کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی سازش کیخلاف مکمل ہڑتال کریں''۔
آئین کی دفعہ35اے کا تعلق ریاستی عوام کی خصوصی شہریت سے ہے اور علیحدگی پسند اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو ریاست کی آبادی کا تناسب بگاڑنے کی کوششوں کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔