حسین مجتشم
پونچھ// جموں و کشمیر کی اسمبلی میں دفعہ 370 کی بحالی سے متعلق قرارداد منظور کیے جانے کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس دوران مظاہرین نے دفعہ 370 کے متعلق پاس کی گئی قرارداد کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔مظاہرین نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز جو قرارداد منظور کی گئی، اس میں حکومت ہند سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ خصوصی آئینی حیثیت کی بحالی، آئینی ضمانتوں اور ان دفعات کو بحال کرنے کے لئے آئینی طریقہ کار پر کام کرنے کے لیے جموں و کشمیر کی عوام کے منتخب نمائندوں کے ساتھ بات چیت شروع کرے۔انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا نے جس قانون کو سرے سے ختم کیا ہے اور جس پہ سپریم کورٹ نے اپنی مہر لگائی ہے اس کے خلاف کوئی بھی بات کرنا کوئی جواز نہیں رکھتا۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس اور کانگریس ملک مخالف اقدامات میں شامل ہیں،اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ جموں کشمیر میں دفعہ 370 اور 35 اے کو واپس لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے فوری طور پر اس قرارداد کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔