یو این آئی
جموں//اطلاعات و نشرعات کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے ہفتے کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی نے دفعہ 370کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں علیحدگی پسندی اور دہشت گردی قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ان کے مطابق آج بغیر خوف کے لوگ لالچوک میں ترنگا لہرا رہے ہیں جو اس بات کا غماز ہے کہ کشمیر میں حالات یکسر تبدیل ہوگئے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی نے گزشتہ دس سالوں کے دوران ملک کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ تین خاندانوں نے جموں وکشمیر کو تباہی کی طرف دھکیل دیا لیکن دفعہ 370کی منسوخی کے بعد حالات بہتر ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مودی جی نے دفعہ 370کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا اور اب یہ قانون واپس نہیں آئے گا۔مرکزی وزیر نے کہاکہ بھاجپا نے جموں وکشمیر میں خاندانی راج کو ختم کرنے کی خاطر قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا :’کشمیر میں علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا ہے۔‘ان کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران کشمیر میں بہت کچھ بدلا ہے ، علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کا قلع قمع کیا گیا جبکہ تین خاندانوں سے بھی لوگوں کو چھٹکارا ملا ہے۔مرکزی وزیر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں گزشتہ سال زائد از دو کروڑ سیاحوں نے سیاحتی مقامات کی سیر کی۔آج کے دور میں سری نگر میں فارمولہ ون کی گاڑیاں چل رہی ہیں، جی ٹونٹی کے کامیاب انعقاد سے جموں وکشمیر میں نئے دور کا آغاز ہوا۔اپنی تقریر میں مرکزی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے والمیکی سماج اور گوجر وں کو انصاف فراہم کیا۔ ہم نے وہ کرکے دکھایا جو کانگریس نے ستر سالوں کے دوران نہیں کیا۔