عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//دفعہ370کے خاتمہ کے بعد بی جے پی کے دعوؤں پر فاروق عبداللہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیرکے انچارج ترون چگ نے نیشنل کانفرنس کے رہنما کی سخت تنقید کی ۔انہوں نے کہا کہ عبداللہ خاندان نئی قائم شدہ امن اور ترقی کی فضا سے مایوس ہیں۔چگ نے کہا کہ جس علاقے کو عبداللہ اور مفتیوں کی حکومت کے دوران عدم استحکام کا سامنا تھا، وہ اب دفعہ370کے خاتمے کے بعد’دہشت گردی کے دارالحکومت‘سے ’’سیاحت کے دارالحکومت‘میں تبدیل ہو چکا ہے۔چگ نے مزید کہا کہ این سی اور دیگر روایتی جماعتوں جیسے پی ڈی پی نے دفعہ370کا فائدہ اٹھا کر برسوں تک جموں و کشمیر کے لوگوں کو گمراہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے اس ’’گھپلے‘‘کا خاتمہ کیا اور خطے میں امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع کیا۔انہون نے مزید کہا کہ بی جے پی کی کامیابی دہشت گردی کو سیاحت سے تبدیل کرنے میں نمایاں ہے اور اس نے بے مثال ترقی کو فروغ دیا۔ انہوں نے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کو حکومت کی پالیسیوں کے لیے عوامی حمایت کا ثبوت قرار دیا۔انہوں نے این سی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی بدعنوانیوں میں ملوث رہی ہے اور اپنے دور اقتدار میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی۔