منسوخی سے زیادہ اتحاد اور اپنائیت کا احساس بڑھا:پی ایم مودی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 نہ تو کشمیر کے لوگوں کا اور نہ ہی ملک کا بلکہ صرف “چار پانچ خاندانوں” کا ایجنڈا تھا اور یہ ان کے لیے سب سے زیادہ اطمینان کی بات ہے کہ کشمیر کے بھائی بہن ،لوک سبھا انتخابات میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ ووٹ ڈالنے کے لیے آگے آئے۔اے این آئی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں، وزیر اعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ہٹانے سے زیادہ اتحاد کا احساس ہے، اپنائیت کا احساس بڑھ رہا ہے اور اس کا نتیجہ انتخابات اور سیاحت میں اضافے میں نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہاآرٹیکل 370 صرف چار پانچ خاندانوں کا ایجنڈا تھا، یہ نہ کشمیر کے لوگوں کا ایجنڈا تھا اور نہ ہی ملک کے لوگوں کا تھا۔
اپنے فائدے کے لیے انہوں نے 370 کی ایسی دیوار بنائی تھی ،اور کہا کرتے تھے کہ 370 کو ہٹا دیا جائے گا تو آگ لگ جائے گی آج یہ سچ ہو گیا ہے کہ 370 ہٹانے کے بعد مزید اتحاد کا احساس ہوتا ہے۔ کشمیر کے لوگوں میں اپنائیت کا احساس بڑھ رہا ہے اور اس کا براہ راست نتیجہ انتخابات، سیاحت میں بھی نظر آرہا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ کشمیر کے لوگوں نے جی 20 سربراہی اجلاس سے متعلق تقریبات کے دوران مندوبین کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے فیصلے ہمیشہ اچھے مقصد کے لیے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا”سب سے پہلے، میں ہمارے ملک کے نظام انصاف سے کہنا چاہوں گا کہ اگر حکومت کوئی کام کرنا چاہتی ہے، تو اس کے پاس اس کام کے لیے ایک ڈیزائن، حکمت عملی ہے، ایسے مسائل کے حل کے لیے اسی حکمت عملی کے تحت کام کرنا پڑتا ہے۔ اب کبھی کبھی مجھے اس کے لیے انٹرنیٹ بند کرنا پڑتا تھا، کچھ این جی او زعدالت میں گئیں اور یہ عدالت میں بڑا ایشو بن گیا لیکن آج وہاں کے بچے بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ پچھلے 5 سال سے انٹرنیٹ بند نہیں ہوا اور ہمیں پچھلے 5 سال سے تمام سہولیات مل رہی ہیں، کچھ دنوں سے کچھ درد تھا، لیکن یہ ایک اچھے مقصد کے لیے تھا ایسی این جی اوز سے ملک کو بچانا بہت ضروری ہے‘‘۔وزیر اعظم نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں رائے دہندوں کی پرجوش شرکت نے دنیا اور “جن لوگوں کو شک تھا” ایک پیغام دیا ہے۔”جب وہاں عام آدمی ووٹ دیتا ہے، تو یہ صرف کسی کو جیتنے کے لیے نہیں ہوتا، ووٹ دینے کا مطلب یہ ہے کہ ووٹر ہندوستان کے آئین کو قبول کرتا ہے اور ہندوستان کی پوری روح کے تئیں اپنی لگن کا اظہار کرتا ہے، نتیجے کے طور پر، ووٹنگ کا 40 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ سب سے زیادہ اطمینان کی بات ہے کہ کشمیر سے میرے بھائی اور بہنیں بڑے جوش و خروش کے ساتھ ووٹ ڈالنے کے لیے آگے آئے، ووٹ دے کر انہوں نے دنیا اور ان لوگوں کو پیغام دیا ہے جو پہلے شکوک و شبہات میں مبتلا تھے۔