سرینگر //دفعہ 35 اے کے دفاع کیلئے این سی، پی ڈی پی کے ساتھ مشترکہ طور پر لڑنے کے لئے تیار ہے۔ اس بات کا اظہار نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر میاں الطاف احمد نے کیا۔ انہوں نے کہاپی ڈی پی کے ساتھ حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ عمر عبداللہ ہی لے سکتے ہیں۔.سول سوسائٹی کارڈ نیشن کمیٹی کی جانب سے جموں و کشمیر کی دوبڑی سیاسی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ دفعہ 35 اے کے دفاع کیلئے دونوں جماعتوں کو متحد ہوکرحکومت بنانی چاہیے ،تاکہ فرقہ پرست طاقتوں کو جواب دیا جاسکے۔پی ڈی پی کے لیڈر الطاف بخاری نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔اس تجویز کے جواب میں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور رکن اسمبلی کنگن نے اعلان کیا کہ نیشنل کانفرنس دفعہ 35 اے کے دفاع کیلئے پی ڈی پی کے ساتھ مشترکہ طور پر لڑنے کے لئے تیار ہے ،تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ عمر عبداللہ ہی لے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کرنا آسان نہیں ہے، ان کے ساتھ کئی معاملات پر اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ریاست کے مفاد میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف ہم ان کے ساتھ مشترکہ طور پر لڑنے کے لئے تیار ہیں۔