نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دفاعی شعبے میں حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کااثرنظرآرہا ہے اور ملک نے پہلی بار 25 بڑے دفاعی برآمدکنندہ ممالک کی فہرست میں جگہ بنائی ہے ۔مسٹر سنگھ نے جمعرات کو بنگلورو میں وزارت دفاع کی مشاورتی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرکہا، "اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی 2020 کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان پہلی بار دنیا کے 25 دفاعی برآمد کنندہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوا ہے ۔ وزارت دفاع مسلسل کوشش کر رہی ہے تاکہ ہندوستان دفاعی برآمدات کے میدان میں عالمی لیڈر بن سکے ۔"اس حصولیابی میں نجی شعبے کی شراکت کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ پرائیویٹ سیکٹرصنعت جو صرف ایک دہائی پرانی ہے آج دفاعی برآمدات میں 80-90 فیصد حصہ ان کا ہے ۔ یہ حکومت کی مسلسل حمایت کی وجہ سے ممکن ہوا۔ "وزیردفاع نے کہا کہ حکومت نے 2014 کے بعد سے برآمدات، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور آفسیٹ ڈسچارج کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے دفاعی شعبے میں کئی اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف نجی شعبے کے ساتھ مل کر ملک کو دفاعی شعبے میں نہ صرف خود انحصار بنانا ہے بلکہ دنیا کے سرفہرست ممالک میں شامل کرنا ہے ۔