سرینگر//حکومت نے کام کی جگہوں پر’’ خواتین کو جنسی طور ہراساں کرنے کی شکایتی کمیٹی کی تشکیل نو کا اعلان کرتے ہوئے سنیئرخاتون آئی اے ایس آفیسر سریتا چوہان کو اسکا سربراہ مقرر کیا ہے۔ خواتین ملازمین کی کام کی جگہوں پر جنسی زیادتی و ہراساں کرنے کیلئے پہلے ہی جہاںریاستی سرکار نے اقدامات اٹھائے تھے،وہیں اب شکایتی کمیٹی کے تشکیل نو کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ محکمہ انتظامی عمومی نے جمعہ کو ایک حکم نامہ زیر نمبر1176 -GAD of 2018 محرر 20 جولائی 2018 جاری کیا جس میں سیول سیکریٹریٹ میں کسی بھی خاتون ملازمہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت کو نپٹانے کا اختیار دیا گیا۔5ممبران پر مشتمل اس کمیٹی کی سربراہ سنیئر خاتون آئی اے ایس افسر و اعلیٰ تعلیم کی کمشنر سیکریٹری سریتا چوہان کومقررکیا گیا ہے،جبکہ مکانات و شہری ترقی کی سپیشل سیکریٹری کسم بڈیال،محکمہ صنعت و حرفت کی سیکشن آفسر نزہت شاہ کو ممبر نامزد کیا گیا گیا۔حکم نامہ کے مطابق محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے نامزد کسی غیر سرکاری تنظیم کے نمائندہ اور چیرپرسن کی طرف سے نامزد نمائندہ بھی اس کمیٹی میں بطور ممبران کام کریں گے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ کمیٹی سیکریرٹریٹ میں کام کر رہی کسی بھی خاتون ملازمہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کیلئے موصول ہونے والی شکایت کی رپورٹ سرکار کو زیر غور لانے کیلئے پیش کرے گی۔کمیٹی سے تاکید کی گئی کہ مجموعی طور پر موصول ہونے والی شکایتوں سے متعلق رپورٹیں سہ ماہی اور سالانہ بنیادوں پر پیش کرے،جس میں جانچ اور کارروائی عمل میں لانے سے متعلق بھی جانکاری درج کی جائے۔