پونچھ//جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہوئے دسویں جماعت کے نتائج میں سرحدی ضلع پونچھ کے ایک طالب علم نے 98فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ برہم جوت سنگھ ولدماسٹر جگجیت سنگھ ساکنہ پرانی پونچھ نے ان نتائج میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 500 نمبرات میں سے492نمبرات حاصل کئے۔ طالبعلم کی بہتر کارکردگی پران کے گھر والوں اور عزیز و اقارب میں خوشی پائی جارہی ہے اور انہوںنے برہم جوت سنگھ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے ۔دریں اثناء دور افتادہ گائوں بانڈی چچیاں سے تعلق رکھنے والی طالبہ ارم چوہدری ہکلہ نے 500نمبرات میں سے460 حاصل کئے ہیں ۔
نجی تعلیمی اداروں کے نتائج بھی مایوس کن
جاوید اقبال
مینڈھر//سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے دسویں کلاس کے نتائج کے بعد مینڈھر میں لوگوں نے سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ اب نجی اداروں کے اساتذہ بھی آرام پسند ہوگئے ہیں اور طلباء کو معیاری تعلیم نہیں دی جارہی ۔اُنہوں نے کہاکہ نجی اداروں میں بھی اساتذہ نے پڑھانا چھوڑ دیا ہے جس کا واضح ثبوت گزشتہ دنوں کے مایوس کن نتائج ہیں۔ان کاکہناہے کہ پاس ہونے والے طلباء کے نمبرات بھی بہت کم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں تو شعبہ تعلیم کی حالت پہلے سے ہی خراب تھی لیکن اب نجی اداروںکا حال بھی اچھا نہیں رہاہے ۔اُنہوں نے کہاکہ سرکار کو سرکاری سکولوں میں بھی تعلیمی نظام کو بہتر بنانا چاہئے کیونکہ زیادہ تر لوگوں کے بچے سرکاری سکولوں میں جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نجی تعلیمی اداروں کے مالکان فیس کے نام پر خوب پیسے وصول کرلیتے ہیں لیکن اب وہ بہتر نتائج دینے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔