عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صوبہ کشمیر اور صوبہ جموںکے سرمائی زون علاقوں میں آج یعنی 3 نومبرسے شروع ہونے والے دسویں جماعت کے تقریباً 95,000 طلبأ کے سالانہ اِمتحان کی سہولیت کے لئے994 اِمتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اِمتحان کا وقت صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوگا۔ان میں سے68,804 طلباصوبہ کشمیر کے 10 اَضلاع سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 25,224طلبا ٔصوبہ جموں کے سرمائی زون کے 8 اَضلاع سے ہیں۔ جموں ڈویژن کے سرمائی زون کے8 اضلاع سے ہیں۔اِس کے علاوہ کرگل کے660 اور لیہہ ضلع کے95 طلبأ بھی اِمتحانات میں شامل ہوں گے ۔بورڈ نے منصفانہ، شفاف اور منظم امتحانات کو یقینی بنانے کے لئے وسیع اِنتظامات کئے ہیں۔ اِس مقصد کے لئے اِمتحانی مراکزکے سپراِنٹنڈنٹوں اور نگران عملے اِمتحانات کو سخت ہدایات کے ساتھ تعینات کیا گیا تاکہ اِمتحانات کی ساکھ برقرار رہے ۔بورڈ نے اِمتحانی ضوابط کی پاسداری یقینی بنانے کے لئے ویجی لنس سکارڈ بھی تعینات کئے ہیں جو اچانک معائینے کریں گے۔ ویجی لنس ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے فرائض انجام دیتے وقت اُمیدواروںکے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔بورڈ نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ امتحانات کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے دفعہ163 بی این ایس ایس کے تحت پابندیاں عائد کریں تاکہ کسی قسم کی بیرونی مداخلت نہ ہو۔اِمتحانات دینے والے اُمیدواروںسے کہا گیا ہے کہ وہ سردی کی شدت کے پیش نظر بالخصوص دُور دراز اور پہاڑی علاقوں میں سردی سے بچائو کے لئے گرم لباس پہنیں۔