عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے اتوار کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنا پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور یہ پہلا مسئلہ ہوگا جو وہ 1 دسمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں اٹھائیں گے۔ میاں الطاف نے کہا کہ پارٹی نے مستقل طور پر ریاست کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے اور پارلیمنٹ میں بھی ایسا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ “ہم نے بار بار پارلیمنٹ میں ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہر ایک دن ہم اس کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور یقینا یہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا ہمارا پہلا نکتہ ہے۔”رکن پارلیمان نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس پہلے ہی پارلیمنٹ میں متعدد مسائل پر کئی سوالات پیش کر چکی ہے جو جموں و کشمیر کے لوگوں سے متعلق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آئندہ سرمائی اجلاس کے لیے مختلف معاملات پر بہت سے سوالات جمع کرائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سامنے جو بھی بل لائے جائیں گے، ہم انہیں غور سے پڑھیں گے، اور جہاں بھی ضروری ہوا، ہم ان پر بات کریں گے۔ اگر ہمیں وقت دیا گیا تو ہم جموں و کشمیر کے دیگر اہم مسائل کو بھی اٹھائیں گے۔