سری نگر//یو این آئی// جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے پائین شہرکے نرورہ عید گاہ علاقے میں محکمہ ہینڈی کرافٹس کی جانب سے ہفتے کے روز ہیرٹیج واک کے نام سے مختلف کارخانوں کا دورہ کیا گیا ۔اس پروگرام کا مقصد دستکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا ۔ ‘پائین شہر کے نرورہ عید گاہ سے لے کر کاوڈارہ تک ہیرٹیج واک کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس محمود شاہ ، سیول سوسائٹی کے ممبران اور ذی عزت شہریوں نے شرکت کی’۔اس موقع پر مختلف کارخانوں کے دورے کے دوران دستکاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔نذیر احمد نامی شہری نے بتایا کہ ‘محکمہ ہینڈی کرافٹس کی جانب سے شروع کیا گیا یہ پروگرام کشمیر کی دستکاری میں نئی روح پھونک دے گا’۔مذکورہ شہری کے مطابق اس طرح کے پروگراموں سے واقعی میں کشمیر کی دستکاری کو بڑھاوا ملے گا جس کا فائدہ ایک غریب دستکار تک بھی پہنچ پائے گا۔اُن کے مطابق مختلف ہنروں جن میں شال بافی، قالین بافی وغیرہ شامل ہیں سے وابستہ دستکاروں کے ساتھ ہمیشہ استحصال کیا گیا لیکن آج کے پروگرام سے اُنہیں اب یقین ہو گیا کہ موجودہ انتظامیہ اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔