جموں//صحت عامہ، آبپاشی و فلڈکنٹرو ل کے وزیر شیام لال چودھری نے ایک میٹنگ کے دوران دریائے جہلم اور اس کی معاون ندیوں میں سیلاب سے تحفظ دینے کے حوالے سے دوسرے مرحلے کے جامع منصوبے کے ڈی پی آر کو حتمی شکل دینے سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔سیکرٹری پی ایچ ای ایم راجیو کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران فلڈ منیجمنٹ منصوبے کے تمام مدوں کو زیر بحث لایا گیا تاکہ دریائے جہلم میں پانی کی سطح بڑھنے سے پیدا شدہ خطرات کا موثر طریقے پر مقابلہ کیا جاسکے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ دریائے جہلم اور دیگر ندیوں میں فلڈ منیجمنٹ منصوبہ وزیر اعظم کے ترقیاتی منصوبے کے تحت عملایا جارہا ہے جس میں دریائوں کی کشادگی ، باندھ تعمیر کرنا ، ڈریجنگ اور دیگر کام شامل ہیں ۔ا س منصوبے میں دریا میں سیلاب سے نمٹنے کے لئے قلیل او رطویل مدتی اقدامات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے تحت پی ایم ڈی پی کے تحت 1684.60 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں جس میں 1179.22کروڑ روپے کی مرکزی معاونت بھی شامل ہے ۔ڈی پی آر تیار کرنے کی پیش رفت کے حوالے سے وزیر کو بتایا گیا کہ اس دریا کی ماڈل سٹیڈی پونے کی سی ڈبلیو پی آر ایس نے مکمل کر لی ہے۔کئی نکات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے متعلقین سے کہا کہ وہ دوسرے مرحلے کا ڈی پی آر 20دنوں کے اندر اندر تیار کریں تاکہ کام رواں برس کے دوران شروع کیا جاسکے ۔