عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں ضلع کے منوال علاقے میں گزشتہ شام دو نوجوان دریائے توی میں ڈوب گئے حالانکہ لاشوں کا پتہ لگانے کے لئے تلاشی مہم جاری ہے۔ ایک عہدیدارنے بتایا کہ دو نوجوان اویکاش ٹھاکر (23سال) ولد رنجیت سنگھ اور راجندر سنگھ (19سال) ولد جوگل سنگھ سکنہ کشن پور منوال گزشتہ شام تقریباً 7 بجے دریائے توی میں ڈوب گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دریا میں نہا رہے تھے، جس کا ثبوت دریا کے کنارے سے ان کے کپڑے ملے تھے۔ انہوں نے کہا، “واقعے کے فوری بعد مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور پولیس کو اطلاع دی اور تلاشی مہم شروع کر دی گئی، جو ابھی تک جاری ہے”۔ عہدیدار نے کہا کہ پولیس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) کی ایک ٹیم محو تلاش ہے، لیکن لاشوں کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔