درہال ہسپتال سے متصل عمارتیں خستہ حالی کا شکار بوسیدہ ڈھانچوں کو مسمار کر کے دوبارہ تعمیر کرنے کا مطالبہ

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی// ضلع راجوری کی تحصیل درہال کے سرکاری ہسپتال سے متصل عمارتوں کو منہدم کر کے ان کی جگہ نئی عمارتیں تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے درہال چوکیاں کے سرپنچ کرامت اللہ ملک نے کہا کہ سرکاری ہسپتال کی بوسیدہ عمارتیں کافی پرانی ہو چکی ہیں جو ہر وقت خطرے کا باعث بنی رہتی ہیں لہذا انہیں ترجیحی بنیادوں پر منہدم کرنے کی ضرورت ہے۔ کرامت اللہ ملک نے مزید کہا کہ جو ڈاکٹر صاحبان یہاں دور دراز علاقوںسے آتے ہیں انھیں سرکاری رہائش گاہ نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ فوری طور پر پرانی اور بوسیدہ عمارتوں کو منہدم کر کے ان کی جگہ نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں جو ڈاکٹروں کے لئے رہائش گاہ کے طورپر استعمال کی جاسکیں ۔درہال چوکیاں سی کے سرپنچ بیت اللہ ملک اور کرامت ملک نے کہا کہ درہال ہسپتال کی سرکاری عمارتیں بوسیدہ ہو چکی ہیں جہاں ڈاکٹروں کی رہائش گاہوں کے لئے کوئی متبادل انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے بیماروں کی تیمارداری کرنے میں انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور ایل جی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس طرف فوری توجہ دی جائے تاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں فوری مدد مل سکے۔