سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کی تحصیل درہال کے بالائی علاقوں میں انسان اور جنگلی جانور کے درمیان ایک اور افسوسناک تصادم پیش آیا، جہاں جنگلی ریچھ کے حملے میں ایک 68 سالہ بزرگ جاں بحق ہوگئے۔متوفی کی شناخت محمد امین ولد علی محمد سکنہ تھنڈ کوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ ان دنوں درہال کے بالائی علاقے ڈھوک جنگوالہ میں مقیم تھے۔ جمعرات کو محمد امین معمول کے مطابق علاقے میں موجود تھے کہ اسی دوران جھاڑیوں میں چھپا ایک جنگلی ریچھ اچانک باہر نکلا اور ان پر حملہ آور ہوگیا۔ریچھ کے حملے میں محمد امین شدید زخمی ہوگئے۔
اہلِ خانہ اور مقامی لوگوں نے انہیں فوری طور پر جائے وقوعہ سے نکالا اور دشوار گزار راستوں سے طویل مسافت طے کرکے ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔قانونی کارروائی اور طبی معائنے کی تکمیل کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی، جس کے بعد انہیں آبائی علاقے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلات اور محکمہ تحفظِ جنگلی حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلی جانوروں کی بڑھتی نقل و حرکت پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔