عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// درہال مارکیٹ میں کنکریٹ پیمنٹ کا جاری کام پچھلے چھ ماہ سے تعطل کا شکار ہے۔ اس منصوبے کا آغاز تقریباً نصف سال قبل کیا گیا تھا، تاہم درمیان میں کئی بار نامعلوم وجوہات کی بنا پر کام روکا جاتا رہا۔ گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر اس منصوبے پر اچانک کام بند کر دیا گیا، جس سے مقامی عوام میں شدید مایوسی اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ درہال سے سماجی کارکن مرتضیٰ مرزا نے جب اس بابت متعلقہ ٹھیکیدار سے رابطہ کیا تو انہوں نے انکشاف کیا کہ تقریباً 60 لاکھ روپے گورنمنٹ کے کھاتے میں لیپس ہو چکے ہیں، جس کے باعث مزید کام ممکن نہیں۔ ٹھیکیدار کا کہنا تھا کہ اب تک وہ ذاتی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے اس منصوبے پر خرچ کر چکے ہیں، مگر انہیں یہ علم نہیں کہ فنڈ واپس کس نے کروایا۔ ان کا صاف کہنا تھا جبکہ تک رقم دستیاب نہیں ہوگی وہ نہ تو کام جاری رکھ سکتے ہیں اور نہ ہی مکمل۔ اس صورتحال کے خلاف درہال میں عوام نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں مقررین نے متعلقہ تعمیراتی ایجنسی اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سڑک کی تعمیر کا کام فوراً بحال اور مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو سہولت میسر آ سکے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر منصوبہ فوری طور پر دوبارہ شروع نہ کیا گیا تو وہ مزید سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔