عظمیٰ نیوزسروس
جموں//راجوری ضلع میں حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی ادویات کا ایک بڑا ذخیرہ ایک گھاٹی میں پڑا پایا گیا، جس کے بعدحکام نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ بدھل راجوری میں تقریباًڈیڑھ درجن افرادکی پُر اسراربیماری یا وباء کے بموجب فوت ہونے کے بیچ اس ضلع میں ایک دوردراز علاقے میں سرکاری ادویات کاایک بڑا ذخیرہ پڑا پایا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ ایک گھاٹی میں پھینکی گئی دوائیوں میں گولیاں اور شربت شامل تھے، کچھ کی میعاد ابھی کچھ اور مہینوں تک ہے۔ حکام نے اتوار کو بتایا کہ یہ ادویات درہال تحصیل میں بدھ خاناری کے قریب لاوارث پائے گئے۔پھینکی گئی ادویات کے کلپس سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہے ہیں۔مقامی دیہاتیوں نے دعویٰ کیا کہ دوائیوں سے لدی ایک گاڑی موقع پر خالی کر دی گئی، اور قصورواروں کے خلاف مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا۔چیف میڈیکل آفیسر راجوری منوہر لال رانا نے کہا کہ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ درہال بلاک میڈیکل آفیسر کی سربراہی میں ایک تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو انکوائری کرے گا اور ملزمین کی شناخت کرے گا تاکہ ان کے خلاف مناسب کارروائی کی جا سکے۔