سرینگر//مزاحمتی جماعتوں ،ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن اورکشمیر اکنامک الائنس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں و کشمیر کے عوام پر ایک خونین جنگ مسلط کی گئی ہے۔حریت (گ)،تحریک حریت،بار ایسو سی ایشن ،کشمیر اکنامک الائنس، ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی، نیشنل فرنٹ،مسلم لیگ، محازآزادی، پیپلز لیگ، پیپلزپولٹیکل فرنٹ، اتحاد المسلمین، ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ، لبریشن فرنٹ (آر)،ووئس آف وکٹمز،حریت ( جے کے) اورسالویشن مومنٹ نے دربگام پلوامہ میں ایک معرکہ کے دوران جاں بحق ہوئے حزب جنگجوئوں اور ایک عام شہری کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔حریت (گ) کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے معصوم عوام پر ایک خونین جنگ مسلط کی گئی ہے۔ حریت رہنما نے دربگام میں جاں بحق ہوئے دو جنگجوئوں اور ایک عام شہری کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین کشمیر پر بھارتی افواج کی موجودگی سے عام شہریوں کی زندگی جہنم زار بن چکی ہے اور آئے روز ہمیںاپنے جوانوںکی لاشوں کو کندھا دینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔پلوامہ میں14سالہ کمسن طالب علم شاہد احمد کو راست فائرنگ کا نشانہ بنانے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے سمجھی نے کہا کہ ارباب اقتدار کو جموں کشمیر کی زمینی صورتحال کا سنجیدہ جائزہ لینا چاہئے اورشہری آبادی کے خلاف محاذ جنگ کھولنے اور انہیں تختہ مشق بنانے کی کاروائیوں کے بجائے حق خود ارادیت کا مطالبہ تسلیم کرلینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کومسئلہ کشمیر کے دائمی حل کے لئے اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قرادادوں پر عملدرآمد کرنے کے لئے اپنی رضامندی کا اظہار کرنا چاہئے۔حریت رہنمانے اپنی قوم کی امن پسندی اور جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم نے آج تک کسی بھی قوت کے سامنے اپنا سر نگوں نہیں کیا ۔حریت رہنمانے پولیس انتظامیہ کی جانب سے حریت قائدین و اراکین کی گرفتاریوں کا سلسلہ دراز کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن صورہ نے مسلم لیگ کے سینئر رکن محمد حیات بٹ کوسیفٹی ایکٹ کے تحت کورٹ بلوال جیل منتقل کرنے کی کاروائی کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے ہمارے جوانوں کے خون سے سرزمین کشمیر کو لالہ زار بنادیا ہے۔اپنے ایک بیان میں صحرائی نے کہا کہ آئے روز جوانوں کا خون بہایا جارہا ہے، لاشیں گرائی جارہی ہیں، جائیداد اور دیگر املاک کو خاکستر کیا جاتا ہے جو انتہائی تشویشناک معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت تمام حربے آزمارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے حکمرانوں نے جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کئے گئے وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے فوجی طاقت کی بنیاد پر قبضے کو دوام بخشنے کی پالیسی اپنائی اور جموں کشمیر کے عوام کی طرف سے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے چلائی جانے والی پُرامن تحریک کو کبھی بھی خاطر میں نہیں لایا جس کی وجہ سے یہاں کا نوجوان سربہ کف ہونے کے لیے مجبور ہوا تاکہ اقوامِ عالم تک قوم کی آواز پہنچائی جائے۔صحرائی نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کی آڑ میں جوانوں کی نسل کُشی کررہا ہے اوریہ بھارت کی ہٹ دھرمی کا ہی نتیجہ ہے کہ نوجوانوں کو قتل گاہ کی بھینٹ چڑھنا پڑتا ہے۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سمیر ٹائیگر اور عاقب خان کو اُن کی قربانیوں کیلئے آنے والے کئی برسوں تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کی شہادت عسکری تحریک کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔نیشنل فرنٹ ترجمان نے ہلاکتوں پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جاری خون خرابے کو روکنا مقصود ہے تو بھارت کو فوری طور پر سیاسی اقدامات کا سہارا لیکر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی کوششیں شروع کرنی چاہئے۔مسلم لیگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے تقدس اور جموں کشمیر کی آزادی کے گلشن کی آبیاری اپنے گرم گرم لہو سے کرنے والے ہی حقیقت میں ملت و قوم کے معمار ہیں ۔ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ عام لوگوں پر راست فائرنگ کر کے درجنوں نوجوانوں کو زخموں سے چھلنی کرنا جہاںوردی پشوں کی ننگی جارحیت اور بربریت کا منہ بولتا ثبوت ہے وہیں کشمیری قوم کے پیرو جواں کا فوج کے تشدد ،دھونس ور دباؤ کے آگے سینہ سپر ہوکر ثابت قدمی کا مظاہرہ کرکے اپنی املاک اور جانوں کی فکر نہ کرنا س بات کی دلیل ہے کہ اب اس قوم کومراعات و مفادات کے شیشے میں اتار کر ٹھگا نہیں جائے گا ۔ محازآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی ،صدر سید الطاف اندرابی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے اطراف واکناف میں اب آئے روز کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیر کے اردگرد ایٹمی قوتیں زیادہ دیر تک کشمیر کی غیر یقینی اور غیر مستحکم صورتحال کی متحمل نہیں ہوسکتی ہیں ۔پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے پلوامہ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے حزب جنگجوئوںاور معصوم شہری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہمارے یہ نوجوان قلم کاغذ چھوڑ کرہتھیار اٹھانے پر آمادہ ہورہے ہیں اور اس پالیسی کی وجہ سے یہاں دیگر انسانی زندگیوں کا اتلاف بھی جاری ہی۔ پیپلز لیگ کے ایک اور دھڑے کے سینئر وائس چیئر مین محمد یاسین عطائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہو ئے کہا کہ ہم اپنی سیاسی جد وجہدحصول مقصد تک جاری رکھیں گے۔ پیپلز لیگ کے ہی ایک اور دھڑے کے چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا نے دکھ او ررنجیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے جس کی ذمہ داری ہندوستان کے اْن پالیسی ساز اداروں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے کشمیر کے سیاسی ماحول اور پرامن سیاسی جدوجہد کا گلا گھونٹ کر انسانی آواز کو دباکر قبرستانوں کی خاموشی میں دفن کر دیا ہے۔پیپلزپولٹیکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نیخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوان ہمارے محسن ہیں جنہوں نے اس حق و باطل کی جنگ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر حیات ابدی کو پانے کے ساتھ ساتھ عزت و افتخار اور عظمت کا مقام پایا۔اتحاد المسلمین کے سربراہ و سینئر حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے لئے نئے ابھرتے ہوئے جوش و خروش کو دیکھ کر بھارتی حکمران شدید ذہنی پریشانیوں کا شکار ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے وہ نہتے کشمیریوں پر براہ راست گولیاں برسارہے ہیں۔ڈیمو کریٹک پولٹیکل مومنٹ کے چیئر مین فردوس احمد شاہ نے خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کی قربانیوں کے طفیل ہی مسئلہ کشمیر عالمی ایوانوں میں گونج رہا ہے۔ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے ایک اور دھڑے کے جنرل سیکریٹر ی خواجہ فردوس نے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میںتازہ ہلاکتوں اور لوگوں کے زخمی ہونے سے ہر ذی شعور انسان کا دل خون کے آ نسو رو رہا ہے کیونکہ کشمیریوں کا قتل عام ایک نہیں تو دوسرے بہانے جاری ہے۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ، ایڈوکیٹ ایوب راٹھور اور جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی قیادت اور ان کے مقامی گماشتوں کو ریاست میں خون خرابے کے لئے ذمہ دار ٹھراتے ہوئے کہا کہ ان کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہورہی ہیں۔فورسز اور مقامی حکام پر نہتے شہریوں کے خلاف ان کی طاقت آزمائی اور مہلک ہتھیاروں کے بے تحاشا استعمال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ نشہ قوت کی انتہا یہ ہے کہ معصوم بچوں اور نہتے شہریوں پر بلا جواز گولیوں کی بارش کی جارہی ہے اور گھروں کے اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی جارہی ہے ۔ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے وادی میں ہلاکتوںکے جاری سلسلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کے بین لاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ ہندوپاک حکومتوں کو مذاکرات کیلئے آمادہ کیا جائے تاکہ ہلاکتوں کا یہ نہ تھمنے والا سلسلہ رک جائے۔حریت ( جے کے) نے خرا ج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان صف شکن جوانوں کی بدولت ہی آج مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک اہم مسئلے کی طرح دیکھا جارہا ہے اور بھارت پر اس کو حل کرنے کیلئے دباو میں اضافہ ہورہا ہے۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے ہلاکتوں پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کو حاصل خصوصی اختیارات ان ہلاکتوں کو جواز فراہم کرتے ہیں۔ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے فوج کی طرف سے نہتے شہریوں پرفائرنگ کرنے کی کارروائی کی مذمت کی ہے۔بار کے ایک بیان کے مطابق دربگام میں فورسز نے طاقت کا بے حد استعمال کرکے متعدد عام شہریوں کو زخمی کردیاجن میں آری ہل کا کم عمر نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ کشمیر اکنامک الائنس کے سربراہ حاجی محمدیاسین خان نے پلوامہ میں ایک نوعمر طالب علم کی ہلاکت اور درجنوں دیگر عام شہریوں کو زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کی ہلاکت ایک اور قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور دیگر فورسز نے وادی میں افسپا کی آڑ میں عام لوگوں میں دہشت پھیلادی ہے او رانسانی حقوق کی پامالیاں عروج تک پہنچ گئی ہیں ۔ انہوں عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر مسئلے کے دائمی حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ برصغیر میں دائمی امن کا قیام ممکن ہوسکے۔اس دوران اسلامی تنظیم آزادی کے صدر عبدالصمد انقلابی اور محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے نائب صدر قطب عالم نے دربگام پلوامہ میں مارے گئے 2جنگجوئوں اور ایک عام شہری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔