وزیر اعلیٰ پیدل چل کر سیکریٹریٹ پہنچے، جگہ جگہ پر تپاک استقبال،ڈھول کی تھاپ پر رقص، پھول کی پتیاں نچھاور
عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پیر کو دو سالہ ‘دربارمو’ 4سال کے وقفے کے بعددوبارہ شروع ہونے کے موقعہ پر اپنی سرکاری رہائش گاہ سے پیدل روانہ ہوکر سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔اس موقعہ پر جموں میں جشن کا سماں تھا۔جگہ جگہ وزیر اعلیٰ کا پر تپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا۔جب وہ ریذیڈنسی روڈ اور رگھوناتھ بازار سے گزرے تو مختلف تاجر انجمنوں بشمول جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ان کا شاندار استقبال کیا اور 2021 میں رکی ہوئی پرانی روایت کو بحال کرنے کے ان کے فیصلے کی تعریف کی۔سرینگر میں سول سیکرٹریٹ اور دیگر موو دفاتر 30 اور 31 اکتوبر کو بند ہوئے اور اگلے چھ ماہ کے لیے پیر کو سرمائی دارالحکومت سے کام کرنا شروع کر دیا۔دربار مو تقریباً 150 سال قبل ڈوگرہ حکمرانوں نے شروع کیا تھا۔ اسے ایل جی سنہا نے جون 2021 میں روک دیا تھا۔16 اکتوبر کو، عبداللہ نے یہاں کی تاجر برادری کو راحت پہنچاتے ہوئے ‘دربار مو’ کو بحال کرکے اپنا انتخابی وعدہ پورا کیا۔عبداللہ، نائب وزیر اعلی سریندر چودھری اور وزیر جاوید رانا کے ساتھ دن کے شیڈول کے مطابق، وزیر اعلیٰ صبح 9:15 بجے شہیدی چوک پہنچے، جہاں جموں چیمبر آف کامرس، ریذیڈنسی روڈ اور راجندر بازار ایسوسی ایشنز کے بعد، وزیر اعلیٰ ریذیڈنسی روڈ سے ہوتے ہوئے رگھوناتھ بازار چوک کی طرف چل پڑے۔ان کی آمد پر مبارکباد اور نیک تمنائیں دینے کے لیے راستے میں کھڑے تاجروں اور شہریوں نے انکااستقبال کیا۔رگھوناتھ بازار چوک میں عمر عبداللہ کا سٹی چوک کی طرف پیدل چلنے سے قبل رگھوناتھ بازار ایسوسی ایشن کی طرف سے خیر مقدم کیا گیا جہاں سٹی چوک بازار اور کنک منڈی بازار ایسوسی ایشن کے اراکین نے ان کا استقبال کیا اور انکے حق میں نعرے بازی کی۔تاجروں نے بڑی تعداد میں وزیر اعلیٰ کو ہار پہنائے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پورے سفر میں ڈھول کی تھاپ کے درمیان مٹھائیاں تقسیم کیں۔جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ارون گپتا وزیر اعلیٰ کا استقبال کرنے والوں میں سب سے پہلے تھے۔
گارڈ آف آنر
بعد ازاں، وزیراعلیٰ کا سول سیکرٹریٹ میں استقبال کیا گیا، جہاں انہیں روایتی دربار موو کے حصے کے طور پر دفاتر کے افتتاح کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیراعلی نے رسمی پریڈ کا معائنہ کیا اور اس موقع پر افسران اور عملے سے بات چیت کی۔