عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرحدی حفاظتی فورس نے اتوار کو کہا کہ بی ایس ایف نے موسم سرما سے پہلے کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ اپنی چوکسی بڑھا دی ہے کیونکہ سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔بی ایس ایف نے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ ملی ٹینٹ وادی میں دراندازی کے لیے سرحد کے اس پار مختلف لانچ پیڈ پر انتظار کر رہے ہیں۔فورس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ستیش ایس کھنڈارے نے ضلع بانڈی پورہ میں وولر 2.0 میراتھن کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا، عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ سردیوں سے پہلے دراندازی کی کوششیں بڑھ جاتی ہیں، اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے، ہم نے اپنے جوانوں اور افسروں کو چوکس رکھا ہے اور سرحد پر اپنی چوکسی کو بڑھا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحیح تعداد بتانا مشکل ہے لیکن ہمارے پاس جو اطلاعات ہیں وہ یہ ہیں کہ ہمارا پڑوسی ملک سرحد کے پار کچھ لانچ پیڈ بنا رہا ہے۔بی ایس ایف افسر نے کہا کہ ملک میں ملی ٹینٹوں کی سرحد پار سے دراندازی کا خطرہ ہمیشہ رہتا ہے، لیکن بی ایس ایف اور فوج صورتحال سے نمٹنے اور اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے سرحد پر چوکس اور تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔”یہ میراتھن کا دوسرا ایڈیشن ہے۔ بی ایس ایف نے پچھلے سال بھی میراتھن کا انعقاد کیا تھا۔ یہ ایل او سی اور سرحد کے قریب رہنے والے لوگوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کی ہماری کوششوں کا ایک حصہ ہے” ۔