سرینگر //شدید سردی نے لداخ کے دراس علاقے میں ریکارڈ توڑ دیا ہے جہاں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی17.3ریکارڈ کیا گیاہے۔اس دوران آنے والے ایک ہفتے تک درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان ہے۔شدید شبانہ ٹھنڈ کی وجہ سے دراس میںجہاں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی17.3ریکارڈ کیا گیاوہیں وادی میں سنیچر اور اتوار کی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4ریکارڈ کیا گیا ۔ لیہہ میں منفی 14.3اور کرگل میں درجہ حرارت منفی 14.5 رہا ۔ اس دوران قاضی گنڈ میں منفی 4.2، پہلگام میں منفی 6.7، کپوارہ میں منفی 5.6،کوکرناگ میں منفی 3.8 اورگلمرگ میں منفی 5.5 ریکارڈ کیا گیا۔وادی میں چلہ کلان کی آمد کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔ڈل جھیل کے اندرونی علاقوں میں صبح کے وقت پانی کناروں پر جم رہا ہے جبکہ وادی میں نل رات کے دوران جم جاتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آنے والے ایک ہفتے تک وادی میں موسم جوں کا توں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ خشک موسم کے چلتے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے ۔