ارشاداحمد
گاندربل//ددریم باغ سے گزرنے والی پاور کنال کے متصل رابطہ سڑک میں اچانک رواں سال8جنوری کوپڑے شگاف کو تین ماہ سے زائد کاعرصہ گزرجانے کے باوجود ابھی تک ٹھیک نہیں کیاگیا ۔ ماہ جنوری میںشاہ پورہ کے بالائی علاقہ ددریم باغ سے گزرنے والی پاور کنال کے متصل رابطہ سڑک میں اچانک شگاف پڑ جانے سے پاور کنال ڈھہ جانے کا خطرہ لاحق ہونے سے نچلے علاقوں میں موجود رہائشی بستیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔اس وقت ضلع انتظامیہ کے اعلی حکام کے ساتھ ساتھ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن، محکمہ جل شکتی ،محکمہ اری گیش کے اعلی حکام نے موقع پر پہنچ کر سڑک کا جائزہ لیکر اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ جس جگہ سڑک میں شگاف پڑگیا تھا اس کے کنارے پر حفاظتی باندھ تعمیر کرکے سڑک اور پاور کنال کو مضبوط کیا جائے گا،تاہم تین ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ابھی تک نہ ہی سڑک پر موجود شگاف کی بھر پائی کی جاسکی اور نہ ہی سڑک کنارے حفاظتی باندھ تعمیر کیا جاسکا جس کی وجہ سے نچلے علاقوں میں موجود متعدد علاقوں میں پاور کنال کے بارے میں خوف و ہراس پایاجاتا ہے کہ کہیں کسی روز پاور کنال ڈھہ نہ جائے جس کی وجہ سے جانی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے۔شاہ پورہ کے مقامی شہری عبدالحمید ڈار نے اس بارے میں بتایا کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں ددریم باغ کے بالائی علاقوں میں پاور کنال کے متصل سڑک میں صرف چھ انچ دراڑ پڑ گئی تھی جس کے بعد ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا تھا تاہم صرف کریٹ دیوار تعمیر کرکے مسئلہ ادھورا چھوڑ دیا گیاجبکہ اس وقت پوری سڑک ڈھہ گئی ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی پریشان ہے۔اس بارے میں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر محمد حسین تیلی نے کہا کہ جس روز سڑک میں شگاف پڑگیا تھا ہم نے اس کے بعد کنال کا پانی بند کرکے اس جگہ باریک بینی سے جائزہ لیا اور اس بات کا انکشاف ہوا کہ اس جگہ پاور کنال سے پانی خارج ہورہا تھا ہم نے اس کی پوری طرح مرمت کرکے کنال کو درست حالت میں مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ سڑک کنارے پر حفاظتی دیوار تعمیرکرنے کی پروجیکٹ رپورٹ مکمل کرکے اعلی حکام کو روانہ کردی گئی ہے اورحکم نامہ جاری ہوتے ہی کام شروع کردیا جائے گا۔