زاہد بشیر
گول//علاقہ داڑم کو گول کے ساتھ ملانے والی سڑک پر جس کی لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی کہ اس پر تعمیری کام شروع کیا جائے۔ اگر چہ محکمہ تعمیرات عامہ نے اس پر تعمیری کام شروع کیا لیکن تعمیر نہایت ہی ناقص ہونے کا الزام لگایا جارہاہے۔ علاقہ کے لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے ناقص تعمیرپر نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کرائم برانچ کو چاہئے کہ وہ ایک ٹیم کو جائے موقعہ پر بھیجا جائے تا کہ زمینی سطح کی صورتحال کو دیکھ کر اس کی تحقیقات کی جانی چاہئے ۔ وہیں اس دوران بی ڈی سی چیئرپرسن بلاک داڑم اور پی ڈی پی ضلع صدر جاوید اقبال منہاس نے محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے تعمیر کی جا رہی سڑک پر نہایت ہی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہی نہیں تھا کہ محکمہ تعمیرات عامہ بھی اس طرح سے غیر معیاری اور لا پرواہی سے کام کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ داڑم کو گول سب ڈویژن صدر مقام سے ملانے کے لئے سڑک پر تعمیری کا م ایک خوش آئند قدم تھا لیکن جس طرح سے خزانہ عامرہ کو لوٹا جا رہا ہے اور زمینی سطح پر تعمیری کام کافی ناقص ہے اس صورتحال کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ یہاں پر محکمہ کے اے ای ای ، جے ای و دوسرے آفیسران بھی ہیں جنہیں اس کی طرف دیکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام اپنی طرف سے کام مکمل کیا ہے لیکن صورتحال کافی خراب ہے ۔یہاں اس سڑک پر بولڈر بچھانے تھے ، کنکریاں بچھانی تھی اور اس کے ساتھ مٹی و پانی کا چھڑکائو کرنا تھا لیکن انہوں نے تمام سڑک پر مٹی بچھا دی اور اس پر گردا اتنا اُٹھ رہا ہے یہاں لوگوں کو چلنے میں بھی کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں اعلیٰ حکام سے ایک کمیشن بٹھانے کی بھی مانگ کی ۔ جاوید اقبال نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ کے آفیسران سے بھی بات ہوئی ہے اور وہ خود اس کا جائزہ لینے کے لئے یہاں آئیں گے ۔