سرینگر//گورنر این این ووہرا نے ریاست میں سبزے میں آرہی کمی ، بڑھتے ناجائیز تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور لینڈ یوز کے آئے دِن بدلے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ قانون سے کہا ہے کہ وہ ریاست میں اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے اور غیر قانونی تعمیرات کھڑا کرنے کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ایک موثر قانونی فریم ورک تیار کریں۔گورنر نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں مکانات و شہری ترقی محکمہ کی طرف سے سرینگر جموں شہروں کے علاوہ ریاست کے بڑے قصبوں کے لئے تیار کئے جارہے ماسٹر پلانز اور زونل پلانز کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے کیا۔گورنر کو جانکاری دی گئی کہ جموں ماسٹر پلان کو حتمی شکل دی گئی ہے اور19 پلاننگ ڈویثرنوں کے زونل پلانز بھی مرتب کئے جارہے ہیں۔گورنر نے بڈگام، سرینگر، بارہ مولہ، گاندر بل اور سانبہ اضلاع کے ماسٹر پلانز کی تیاریوں کا بھی جائیزہ لیا۔گورنر نے ڈرافٹ ماسٹر پلان سرینگر پر مزید مشاورت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جن افسروں اور اہلکاروں کو ماسٹر پلان مرتب کرنے کا کام سونپا گیا ہے انہیں شفاف طریقے پر یہ کام مکمل کرنا چاہئے تا کہ غلطی کی کوئی بھی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک جامع اور نظریاتی دستاویز ہونا چاہئے اور اس میں ماحولیاتی احساسات کے علاوہ بڑھتی آبادی کے لئے مکانات و بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو ملحوظ نظر رکھا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایات اور تجربات کو بھی حتمی ماسٹر پلانز میں شامل کیا جانا چاہئے۔گورنر نے کہا کہ مختلف زمروں سے تعلق رکھنے والے شراکت داروں کے مسائل کو موثر طریقے پر حل کیا جانا چاہئیے اور حکومت کے تمام کام لوگوں کی بہبودی کو فروغ دینے کیلئے ہی عمل میں لائے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے مکانات و شہری ترقی محکمے کو ہدایت دی کہ وہ تجارتی چیمبرز ، ٹرانسپورٹرز ، معزز شہریوں ، ماہرین ماحولیات و دیگر لوگوں کے ساتھ صلاح مشورہ کر کے سرینگر ماسٹر پلان کو حتمی شکل دیں ۔ووہرا نے کہا کہ ریاست میں ناجائیز تعمیرات اور کاہچرائی پر قبضہ کرنے کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پرکاربند رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ قانونی کی خلاف وزری کرنے والوں سے سختی سے نپٹاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام افسروں کو چاہیے کہ وہ زمینی سطح پر ہو رہے ناجائیز تعمیرات کا از خود جائیزہ لیں بالخصوص آبی ذخائیر اور سبز بیلٹ والے علاقوں میں کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جا سکتیں ۔ انہوں نے سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اپنے اختیارات کا پورا استعمال کریں ۔