عظمیٰ نیوز ڈیسک
دارجلنگ//رواں سال 17 جون کو مغربی بنگال کے دارجیلنگ ضلع میں پیش آئے ریل حادثہ سے متعلق ریلوے نے اپنی جو رپورٹ تیار کی ہے، اس میں کچھ اہم باتیں نکل کر سامنے آئی ہیں۔ پھانسی دیوا علاقہ میں کنچن جنگا ایکسپریس کے مال گاڑی سے ٹکرانے کی وجہ سے کم از کم 10 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں ریلوے نے جو رپورٹ تیار کی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ تین بڑی خامیوں کا خمیازہ درجنوں معصوم لوگوں کو بھگنا پڑا ہے۔ریلوے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جانچ میں سامنے آئی باتوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے حادثہ ہونے کا انتظار کیا جا رہا تھا۔ ریلوے سیکورٹی کمشنر نے بتایا کہ آٹومیٹک سگنلنگ فیل ہونے کے بعد لوکو پائلٹ اور اسٹیشن ماسٹرس کی ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا۔ ساتھ ہی افسران نے بھی لاپروائی کی۔ موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ٹرینوں میں آٹومیٹک ٹرین حفاظتی نظام ’کوچ‘ لگایا جائے۔اس ٹرین حادثہ کی جانچ کے دوران ریلوے سیکورٹی کمشنر (سی آر سی) نے اعتراف کیا کہ تین سطح پر بڑی لاپروائی کی گئی۔