سرینگر //امن وقانون کی صورتحال اورتعمیراتی وترقیاتی عمل کاجائزہ لینے کیلئے مرکزی داخلہ سیکرٹری راجیوگوباکی سربراہی میں آج ایک اعلیٰ سطحی مرکزی ٹیم سرینگر پہنچ رہی ہے۔دو روز قبل ہی نئی دہلی میں اس معاملے پر وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران کی میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس میں داخلہ سیکریٹری کی سرینگر میں سرگرمیوں کے بارے میں انہیں بریفنگ دی گئی۔مرکزی داخلہ سیکرٹری کئی اہم میٹنگوں کی صدارت کریں گے ،جس دوران ملی ٹنسی کی سرگرمیوں ،آپریشن آل آئوٹ کی عمل آوری ،نوجوانوں کی جنگجوگروپوں میں شمولیت،جنگجوئوں کی دراندازی وسرحدی کشیدگی ،سالانہ امرناتھ یاتراکیلئے کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کے علاوہ وزیراعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت جاری پروجیکٹوں واسکیموں پرکام کی رفتارکاجائزہ بھی لیاجائیگا۔داخلہ سیکریٹری دو روز تک وادی میں قیام کریں گے، انکے ساتھ وزارت مال سمیت پلاننگ اینڈ کمیشن کے اعلیٰ افسران بھی شامل ہوں گے ۔اپنے دورے کے دوران وفد کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے امن و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی نشست منعقد کرے گا جس میں پولیس، آرمی، سی آر پی ایف، آئی بی وغیرہ سے جنگجوئیت پر قابو پانے کے حوالے سے تفصیلات طلب کرے گا۔ وفد کشمیر میں جاری جنگجو مخالف آپریشنوں کے حوالے سے بھی سیکورٹی ایجنسیوں سے جانکاری حاصل کرے گا۔ اپنے دورے کے دوران ہوم سیکرٹری ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، ریاستی گورنر این این ووہر ا سے بھی ملاقات کریں گے۔وفد میں شامل افسران ریاست میں مختلف فلائی آوروں، ٹنلوں اور سڑکوں پر جاری کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیں گے۔