سرینگر//محکمہ تعلیم اور ریڈکراس سوسائٹی سرینگر کی جانب سے بدھ کو’’ عطیہ خون کے عالمی دن‘‘ پر مسلسل خون کا عطیہ کرنے والے 16رضاکاروں کو اعزازات سے نوازاہے۔ کوٹھی باغ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں منعقد ہ پرناطم تعلیم کشمیر غلام نبی ایتو مہمان خصوصی تھے جبکہ جوئنٹ ڈائریکٹر بورڈ آف سکول ایجوکیشن محبوب حسین، جنرل سیکریٹری جموں و کشمیر ریڈ کراس سوسائٹی محمد شفیع راتھر، ریجنل سیکریٹری ریڈکراس سوسائٹی نصرت اندرابی اور محکمہ تعلیم کے افسران، مختلف سکولوں کے طلبہ ، اساتذہ ، ریڈکراس عملے اور دیگر لوگ بھی تقریب میںموجود تھے۔ اس موقع پرغلام نبی ایتو نے کہا کہ ایمرجنسی ، سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران خون کی ضرورت ہوتی ہے لہذا خون کا عطیہ کرنے کیلئے ہمیں اپنی نوجوان نسل کو تیار کرنا ہوگا اور انہیں بتانا ہوگا کہ ایک پوئنٹ خون کا عطیہ دیکر وہ تین لوگوں کی جان بچاسکتے ہیں۔ ریڈ کراس سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری محمد شفیع راتھر نے کہا ’’ گزشتہ سال نامسائد حالات کے بائوجود بھی جموں و کشمیر ریڈکراس نے 2700پوائنٹ خون بطور عطیہ حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں صرف 2700پوائنٹ خون جمع ہوئے جبکہ آندھرا پردیش میں 1.75لاکھ پوائنٹ اورہریانہ میں دو لاکھ پوائنٹ خون ایک سال میں عطیہ کیا گیا ۔ تقریب میں سب سے زیادہ خون کا عطیہ کرنے والے شبیر حسین خان ، غلام حسن میر، مشتاق احمد وانی ،یونس ڈار سمیت 16افراد کواعزازات سے نواز اگیا۔