نیوز ڈیسک
اننت ناگ //کشمیر یونیورسٹی کے ساؤتھ کیمپس نے منگل کے روز کیمپس کی طالبات کے لیے “خوشحالی کے لیے دوڑ” کا اہتمام کیا۔تقریب کا اہتمام محکمہ فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس نے کیا تھا۔ڈائریکٹر ساؤتھ کیمپس پروفیسر مختار احمد کھانڈے نے ریس کو جھنڈی دکھا کر ریس کا آغاز کیا اور طالبات کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ساتھی طالبات کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دے کر فلاح و بہبود کے سفیر کے طور پر کام کریں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس (ساؤتھ کیمپس) توصیف احمد بٹ نے اوروارڈن گرلز ہاسٹل ڈاکٹر نتاشہ ثاقب بھی موجود تھیں۔گروپ اول میں شعبہ انگلش کی نائلہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ شعبہ مینجمنٹ سٹڈیز اور ریاضی کی سبرینہ اور سنوبر نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گروپ 2 میں شعبہ مینجمنٹ سٹڈیز کی مدثرہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ شعبہ مینجمنٹ سٹڈیز اور ریاضی کی ارتقا اور اقرا گل نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔پروفیسر کھانڈے نے جیتنے والوں اور شرکاء میں انعامات تقسیم کئے۔