سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے لنگیٹ اور لولاب میں گذشتہ دو دنوں کے دوران دو فوجی اہلکاروں کے خود کشی کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان افسوسناک واقعات سے تشدد زدہ کشمیر میں تعینات فوجیوں کے ذہنی تناؤ سے پردہ ہٹ گیا ہے۔کل ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ ان جیسے واقعات سے ان لوگوںکی آنکھیں کھل جانی چاہیئے کہ جو نفرتیں پیدا کرکے جنگ پر اکسانے کی مہم چلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو سمجھنا چاہیئے کہ وردی پہنے ہوئے فوجی اہلکار بھی انسان ہیں اور وہ نہ اپنے اردگرد ہونے والے واقعات سے کٹ کے رہ سکتے ہیں اور نہ ہی وہ اپنے ماحول کا اثر لئے بنا رہ سکتے ہیں۔انجینئر رشید نے کہا کہ فوجیوں کی پے درپے خود کشی کے واقعات سے سمجھ لیا جانا چاہیئے کہ فوجیوں اور دیگر فورسز کے اہلکاروں کی ذاتی زندگیاں کس حد تک انکے آس پاس کے حالات سے متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات پہلی بار سامنے نہیں آئے ہیں بلکہ پہلے بھی کئی فوجی افسروں تک نے بھی تناؤ کا شکار ہوکر خود کشی کا انتہائی اقدام اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ خود کشی کے ان واقعات کو سرسری لینے کی بجائے متعلقین کو موقعہ کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے انسانی زندگی اور باالخصوص ماؤں کے درد کو محسوس کرنے پر آمادہ ہونا چاہیئے اور مسئلہ کشمیر کو حل کیا جانا چاہیئے۔