تھنہ منڈی //مغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تھنہ منڈی اوردیرہ گلی کو ایک سیاحتی مرکز بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔کمیٹی کاکہناہے کہ تھنہ منڈی اور دیرہ گلی ایسے مقا مات ہیں جو تاریخی مغل شاہراہ کے کنارے پر واقع ہیںجہاں پر سر سبز جنگلات اور صاف وشفاف اور تازہ ہوا ہے۔مغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائم مقام چیئر مین عبدالرشید شا ل کاکہناہے کہ تھنہ منڈی سے بفلیاز تک کا علاقہ چھوٹی چھوٹی جھاڑیاں اور مختلف اقسام کے پیڑ وں سے ڈھکا ہواہے،دیرہ گلی کے مقام پر محکمہ جنگلات نے سیاحوں کے رکنے کے لئے لاکھوں روپے خرچ کر کے ہٹ تعمیر کئے ہیںتاہم ان میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سیاح تھوڑی دیر رکتے ہیں اور پھر اپنا سفر اگلی منزل کی طرف شروع کردیتے ہیں۔شال نے کہا کہ اس علاقہ میں قدرتی مناظر کی کوئی کمی نہیں، یہ علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے، اگر سرکار پوری توجہ کے ساتھ یہاں سیاحت کو ترقی دے تونہ صرف بیروزگاری دور ہوسکتی ہے بلکہ ترقی کے نئے راستے بھی کھل سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ تعلیمی لحاظ سے بھی پچھڑا ہواہے،گرمیوں کے دنوں میں سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ کی بیشتر آبادی سیر وتفریح کے لئے اسی جگہ کا انتخاب کرتی ہے لیکن جب تک ا سکو پوری طرح سے ترقی نہیں دی جاتی تب تک کچھ فائدہ حاصل نہیںہوگا۔انہوںنے کہاکہ چونکہ اس علاقے میں اولیاء بھی مدفن ہیں اسلئے بھی بڑی تعداد میں لوگ اس جانب رخ کرتے ہیں ۔