سری نگر//خوانچہ فروشوں کی دُکانوں پر فروخت ہونے والی اشیائے خوردنی کو صاف ستھرا رکھنے اور ان کا معیار قائم رکھنے پر زور دیتے ہوئے کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار نے کہا ہے کہ لوگوں کی صحت کو مضر اثرات سے بچانے کے لئے تمام احتیاطی تدابیرکرنے کی ضرورت ہے۔ ان باتوں کا اظہار کمشنر فوڈ سیفٹی نے متعلقہ محکمہ کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہو ئے کہا جس میں دیگر افسران کے علاوہ منیجر کارپوریٹ آفیئر س ، نیسلے انڈیاہروندر سنگھ رنہوترا بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ چوں کہ خوانچہ فروش روایتی کھانے تیار کرنے اور انہیں فروخت کرنے کے لئے ہمیشہ سے مشہور ہے ۔ان خوانچہ فروشوں کے کاروبار کا ریاست کے سیاحتی سیکٹر پر براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیںاور یہ پیشہ شہری علاقوں میں نوجوانوں کے خود روزکار کمانے کا ایک بڑا ذریعہ بھی موجودہے ۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ 11 ، 12؍ اکتوبر 2018ء سری نگر اور جموں میں بیک وقت 500خوانچہ فروشوں کو بہتر اشیائے خوردنی تیار کرنے اور فروخت کرنے کی تربیت دی جائے گی۔تربیت کے دوران خوانچہ فروشوں کو صحت و صفائی یقینی بنانے اور غلاظت سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔ میٹنگ میں مزید فیصلہ لیا گیا کہ چھوٹے اور درمیانہ درجے کے تاجروں کے روزگار میں بہتری لانے کے سلسلے میں بھی ضروری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ریاست میں سیاحت کو فروغ حاصل ہو۔یہا ں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سٹیٹ کمشنریٹ آف فوڈ سیفٹی ، نیسلے انڈیا لمٹیڈ اور این اے ایس وی آئی نے مشترکہ طور جدید طرز کے پروگراموں کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔